47

پاکستان معاشی بحران سے نکل چکا (اداریہ)

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک معاشی بحران سے نکل چکا ہے تعلیم’ زراعت’ صنعت’ صحت’ سوشل سیکٹر سمیت دیگر شعبوں میں اصلاحات کے بہتر نتائج سامنے آ رہے ہیں، معاشی اشاریے بہت بہتر ہو چکے ہین غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور ملک میں سرمایہ کاری میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، ادارہ جاتی اصلاحات سے گڈگورننس میں اضافہ ہو گا نوجوان قیمتی اثاثہ ہیں، فنی ٹریننگ دیکر برسرروزگار کریں گے ہفتہ کے روز ریگولیٹری ریفارمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار معاون خصوصی ہارون اختر برطانوی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی ترقی دی رائیٹ آنرایبل پروینس واراکین پارلیمنٹ’ کاروباری شخصیات ودیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کاروباری طبقے اور عوام کی جانب سے ان اصلاحات کا مطالبہ گزشتہ کئی دہائیوں سے تھا سرمایہ کار’ صنعت کار تاجر برادری پیچیدہ قوانین غیر ضروری ضوابط اور طویل طریقہ کار سے پریشان تھے، ریگولیٹری فریم ورک کا اجراء کو انٹم جمپ کی حیثیت رکھتا ہے ان اصلاحات سے کاروباری برادری اور عوام کے دیرینہ مسائل حل ہوں گے معاون خصوصی ہارون اختر اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، شہباز شریف نے کہا آج الحمدﷲ پاکستان معاشی بحران سے نکل آیا ہے پشاور سے لیکر کراچی تک معاشی سرگرمیاں جاری ہیں غیر ملکی ادارے بھی ہماری مثبت پالیسیوں کے معترف ہیں، بہتر حکمت عملی کی بدولت آئی ایم ایف نے 1.2ارب ڈالر کی قسط کی منظوری دیدی ہے جس سے آنے والے دنوں میں معاشی حالات مزید بہتر ہوں گے وزیراعظم نے کہا عوام کے مسائل کا ادراک ہے جس کے لیے دن رات کوشاں ہیں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر چکے مزید ٹارگٹس حاصل کرنے کیلئے تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں معیشت کی پائیدار ترقی کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے جلد ملک کو معاشی قوت بنائیں گے وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر نے کہا کہ حکومت مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کرا رہی ہے یہ صرف ایک پالیسی نہیں بلکہ ایک نئے باب کا آغاز ہے انہوں نے کہا کہ ترقیاتی ریاست ہمیشہ جرأت مند سہولت فراہم کرنے والی اور مستقبل پر نظر رکھنے والی ہوتی ہے ترقیاتی ریاست شہریوں کو لال فیتے کے بجائے جدت مقابلہ تعمیر وترقی کے مواقع فراہم کرتی ہے برطانوی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی ترقی دی رائیٹ آنرایبل بیروینس چیمپئن نے کہا کہ پاکستان بے پناہ صلاحیتوں سے مالامال ہے اور سرمایہ کاری کیلئے بہترین ملک ہے قدرتی وسائل سے بھرپور عالمی تجارتی راستوں کے مرکز پر ہونے کے باعث پاکستان توجہ کا مرکز ہے دونوں ممالک آپس میں تجارتی روابط بڑپانے کیلئے پُرعزم ہیں قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیشنل ریگولیٹری کا افتتاح کیا،، پاکستان کا معاشی بحران سے نکلنا بلاشبہ موجودہ حکومت کا قابل تعریف کارنامہ ہے بیرونی سرمایہ کاری آنے سے معاشی صورتحال ملک میں بہتری آ رہی ہے، سعودی عرب متحدہ عرب امارات برطانیہ امریکہ سمیت دیگر ممالک مختلف شعبہ جات بہتری کیلئے بھرپور تعاون کر رہے ہیں برطانیہ میں پاکستانی تارکین وطن کا بھی متحرک کردار ہے اوورسیز پاکستانیز کی جانب سے ترسیلات زر سے بھی ملک کی معاشی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے موجودہ حکومت جس برق رفتاری سے ملک کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہے اس سے امیدیں ہیں کہ بہت جلد پاکستان معاشی میدان میں اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا وزیراعظم نے اقتدار میں آتے ہی اس بات کا عزم کیا تھا کہ بہت جلد پاکستان کو معاشی گرداب سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر دیں گے، وزیراعظم نے اس بات کا بھی عزم کیا تھا کہ آئی ایم ایف سے چھٹکارا پانے کیلئے حکومت اپنی پوری صلاحیتیں بروئے کار لائے گی تاکہ عالمی مالیاتی اداروں پر انحصار نہ کرنا پڑے بلاشبہ وزیراعظم نے اپنا وعدہ سچ کر دکھایا اور ملک کو معاشی بحران سے نکال لیا ملک کو ڈیفالٹ کر جانے کی باتیں کرنے والوں کو بھی چُپ لگ چکی ہے اور اب ملک معاشی طور پر اُبھر رہا ہے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی معاشی ٹیم کی کوششیں رنگ لا رہی ہیں انشاء اﷲ وہ وقت بھی جلد آئے گا جب پاکستان کی معیشت نہ صرف مستحکم ہو گی بلکہ عالمی مالیاتی اداروں کی بھی دست نگر نہیں رہے گی اور ملک ترقی وخوشحالی کی منزل حاصل کر لے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں