اغواء نوجوان26برس بعد اپنے خاندان سے جا ملا

بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) اغوا شدہ چینی نوجوان 26برس بعد اپنے اصل خاندان سے جا ملا۔ ڈی این اے سے شناخت، والدین اور بہنوں سے جذباتی ملاپ، گائوں میں شاندار استقبال، 2025کو نیا جنم قرار دیدیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین کے صوبہ جیانگشی سے تعلق رکھنے والے پینگ کونگ کونگ، جنہیں چار برس کی عمر میں بیجنگ کے ایک بازار کے قریب سے اغوا کر لیا گیا تھا، ڈی این اے ٹیسٹ کی مدد سے 26برس بعد اپنے اصل والدین اور دو بہنوں سے دوبارہ مل گئے۔ جنوبی چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق پولیس نے انہیں بتایا کہ وہ دراصل جیانگسو نہیں بلکہ جیانگشی کے رہنے والے ہیں، جس کے بعد ان کا جذباتی ملاپ ہوا اور گائوں میں آتش بازی اور تقریبات سے استقبال کیا گیا۔ پینگ نے اس ملاقات کو اصل گھر کا احساس قرار دیا اور اپنی پرانی زندگی چھوڑ کر، ملازمت سے استعفیٰ دے کر، گھر اور گاڑی فروخت کر کے اپنے آبائی صوبے میں نئی زندگی شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے 2025کو اپنا نیا جنم قرار دیتے ہوئے لاپتا بچوں کی تلاش میں مدد کے لیے رضاکارانہ خدمات شروع کیں اور اپنی پہلی لائیو اسٹریم کی آمدنی خیراتی ادارے کو عطیہ کر دی، جبکہ چین میں انسانی اسمگلنگ کے خلاف اقدامات کے باوجود کئی بچے تاحال لاپتا ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں