9

” توانا پنجاب ویژن ” کھیلوں کے نئے دور کا آغاز

وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ” توانا پنجاب” ویژن کے تحت فیصل آباد میں کھیلوں کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ سپورٹس کمپلیکس ایف ڈی اے سٹی میں عالمی معیار سے ہم آہنگ پیڈل ٹینس کورٹ کا افتتاح اسے سلسلے کی اہم کڑی ہے۔ کسی بھی معاشرے کی ترقی کا اندازہ وہاں کے کھیلوں کے میدانوں اور تعلیمی اداروں کی حالت سے لگایا جاتا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے جب سے صوبے کی باگ ڈور سنبھالی ہے، ان کا بنیادی مقصد ایک ایسے “توانا پنجاب” کی بنیاد رکھنا ہے جہاں نوجوان نسل کو نہ صرف تعلیم کے بہترین مواقع میسر ہوں بلکہ انہیں اپنی جسمانی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے عالمی معیار کی کھیلوں کی سہولیات بھی حاصل ہوں۔ اسی “توانا پنجاب ویژن” کے تحت صوبے بھر میں کھیلوں کے ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ فیصل آباد، جو کہ پاکستان کا مانچسٹر کہلاتا ہے، اس ترقیاتی سفر میں پیش پیش ہے، جہاں حال ہی میں ایف ڈی اے (FDA) سٹی سپورٹس کمپلیکس میں جدید پیڈل ٹینس کورٹ کا افتتاح کیا گیا ہے۔ فیصل آباد کی تاریخ میں کھیلوں کے حوالے سے ایک یادگار دن اس وقت رقم ہوا جب کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس میں پیڈل ٹینس کورٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب انتہائی پروقار تھی جس میں شہر کی اہم انتظامی و سماجی شخصیات کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہرایوب، ڈائریکٹرز جنید حسن منج، یاسر اعجاز چٹھہ، سہیل مقصود پنوں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل عباس, ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ طلحہ تبسم، ڈویژنل سپورٹس آفیسر منظر شاہ، مینجر سپورٹس کمپلیکس رضوانہ کمال، اسسٹنٹ مینجر چوہدری طارق نذیر، صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شیخ فاروق یوسف نے شرکت کی۔ کمشنر راجہ جہانگیر انور نے روایتی فیتہ کاٹ کر اس جدید منصوبے کا آغاز کیا۔ محض فیتہ کاٹنے تک محدود رہنے کے بجائے، انہوں نے خود کورٹ میں اتر کر بال کھیل کر گیم کا باقاعدہ آغاز کیا، جو اس بات کی علامت ہے کہ ڈویژنل انتظامیہ کھیلوں کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ یہ اقدام وہاں موجود کھلاڑیوں اور نوجوانوں کے لیے انتہائی حوصلہ افزا ثابت ہوا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے اس موقع پر کمشنر فیصل آباد کو سپورٹس کمپلیکس کی ماسٹر پلاننگ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں مستقبل میں سینما، بائولنگ ایلے، ای گیمنگ، فائن ڈائینگ ریسٹورنٹ، ایونٹس ہال، سیلون، ڈے کیئر سینٹر بیکری و دیگر تفریحی منصوبوں کا اضافہ کرنے کی پلاننگ کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایف ڈی اے سٹی نہ صرف رہائشی لحاظ سے ایک بہترین منصوبہ ہے بلکہ اسے ایک مکمل “سپورٹس سٹی” میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پیڈل ٹینس دنیا بھر میں تیزی سے مقبول ہونے والا کھیل ہے جو ٹینس اور اسکواش کا امتزاج ہے۔ فیصل آباد میں اس کی سہولت کی فراہمی شہریوں کے لیے ایک بڑا تحفہ ہے۔ بریفنگ میں واضح کیا گیا کہ سپورٹس کمپلیکس کی اراضی اور سہولیات کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہاں مستقبل میں مزید بین الاقوامی کھیلوں کے میدان/کورٹس بنائے جا سکیں گے۔سپورٹس کمپلیکس کو محض کھلاڑیوں تک محدود نہیں رکھا گیا بلکہ اسے ایک فیملی کلب کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں کھلاڑیوں کو خالص اور صحت بخش مشروبات کی فراہمی کے لیے جدید جوس کارنر اور شام کے اوقات میں فیملیز کی تفریح کے لیے بار بی کیو پوائنٹ قائم کیا گیا ہے تاکہ شہری کھیل کے ساتھ ساتھ لذیذ کھانوں سے بھی لطف اندوز ہو سکیں۔کمشنر فیصل آباد اور ڈی جی ایف ڈی اے نے سپورٹس کمپلیکس کے ممبرز اور وہاں موجود شہریوں سے خصوصی ملاقات کی جس کا مقصد گرانڈ لیول پر ممبرز کے مسائل کو سمجھنا اور سہولیات کو مزید بہتر بنانا تھا۔ انہوں نے ممبرز سے تجاویز لیں اور انہیں یقین دلایا کہ ان کی آرا کی روشنی میں یہاں مزید بہتری لائی جائے گی۔ کمشنر فیصل آباد/ چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی راجہ جہانگیر انور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ “ہم اس سپورٹس کمپلیکس کو ملک کے نامور اور بلند پایہ کلبوں کے ہم پلہ بنائیں گے تاکہ فیصل آباد کے عام شہریوں کو بھی وہی معیار زندگی میسر ہو جو بڑے شہروں کے اشرافیہ کلبوں میں ہوتا ہے۔” ایف ڈی اے سٹی اور اس کے گردونواح کے علاقوں کے شہریوں کے لیے یہ سپورٹس کمپلیکس ایک بڑی نعمت ہے۔ شہر میں اس علاقے کے لوگ پہلے کھیلوں کی ایسی معیاری سہولیات سے محروم تھے۔ اب ان کے پاس اپنے گھر کے قریب ایک ایسا مقام ہے جہاں وہ اپنی جسمانی فٹنس برقرار رکھ سکتے ہیں، ذہنی دبا سے چھٹکارا پا سکتے ہیں، بچوں کو مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھ سکتے ہیں۔انتظامی کمیٹی کا کہنا ہے کہ یہاں صرف کھیلوں کے مقابلے ہی نہیں ہوں گے بلکہ تفریحی پروگرامز، فیسٹیولز اور ثقافتی تقریبات کا بھی انعقاد کیا جائے گا تاکہ کمیونٹی کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا “توانا پنجاب” ویژن اب زمین پر حقیقت بن کر ابھر رہا ہے۔ فیصل آباد میں پیڈل ٹینس کورٹ کا قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ یہ اقدام ثابت کرتا ہے کہ اگر نیت صاف ہو انتظامیہ پر عزم اور متحرک ہو، تو سرکاری ادارے بھی نجی اداروں سے بہتر نتائج دے سکتے ہیں۔ ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس آنے والے وقت میں فیصل آباد کے نوجوانوں کے لیے ایک نرسری ثابت ہوگا جہاں سے صحت مند اور توانا پاکستان کی نئی نسل جنم لے گی۔ ایف ڈی اے سٹی (FDA City) فیصل آباد کا ایک جدید اور مثالی رہائشی منصوبہ ہے اور اس منصوبے کی انفرادیت میں یہاں تعمیر کیا جانے والا سپورٹس کمپلیکس کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ یہ کمپلیکس نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے بلکہ صحت مند طرز زندگی کے فروغ کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ جدید دور میں جہاں شہری زندگی مشینوں اور موبائل فون تک محدود ہو کر رہ گئی ہے، وہاں سپورٹس کمپلیکس جیسی سہولیات کی اہمیت دوچند ہو جاتی ہے۔ یہ کمپلیکس نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھ کر کھیلوں کی طرف راغب کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔ یہ جگہ شہریوں کو آپس میں ملنے جلنے اور ایک صحت مند سماجی ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس محض ایک عمارت نہیں بلکہ صحت کا ایک مرکز ہے۔ باقاعدگی سے کھیل کود اور ورزش ذہنی تنا کو کم کرتی ہے اور دل کے امراض، ذیابیطس اور موٹاپے جیسے مسائل سے بچاتی ہے۔ یہاں بچوں کے لیے پلے ایریاز، نوجوانوں کے کھیلنے کے لیے ان ڈور گیمز اور بزرگوں کے لیے واکنگ ٹریک موجود ہیں۔ اس سپورٹس کمپلیکس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ کھلاڑیوں کو بہترین ماحول مل سکے۔ یہاں مرد وخواتین کے لئے انڈور گیمز بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، سکوائش، لان ٹینس، باسکٹ بال، سنوکر و دیگر کھیلوں کی سہولیات کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کمپلیکس میں الگ الگ خواتین و مردوں کے جدید ترین مشینوں سے لیس جمنیزیم اور صاف ستھرے، مثالی آل سیزن سوئمنگ پولز موجود ہے جو اعلی معیار کی تعمیرات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ رات کے وقت کھیلوں کے انعقاد کے لیے بہترین لائٹنگ سسٹم اور فیملیز کے لیے فول پروف سیکیورٹی اس کے معیار کو مزید بلند کرتی ہے۔ ایف ڈی اے سٹی میں یہ سٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس کمپلیکس جسمانی فٹنس برقرار رکھنے کے شائقین کے لئے ایک عظیم تحفہ ہے جو نہ صرف تفریح طبع کی سرگرمیوں اور کھیلوں کے فروغ کا ذریعہ ہے بلکہ ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں بھی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں