10

حکومت ”سی پیک ٹو” کو کامیاب بنانے کیلئے پُرعزم (اداریہ)

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے زراعت’ آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت سمیت مختلف شعبوں میں ترقی کو مثال دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کر کے سالوں میں نہیں مہینوں میں کمال کر سکتا ہے نوجوان ہمارا مستقبل اور آنے والے کل کی امید ہیں چین پاکستان کا آزمودہ دوست اور ہر طرح کے تعاون کیلئے تیار ہے، پاکستان کی معیشت استحکام کے بعد پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے، سی پیک ٹو کو حقیقت اور کامیابی میں ڈھالیں گے، چین سے جدید زراعت کی تربیت حاصل کرنے والے ایک ہزار زرعی گریجوایٹس زرعی معیشت کی تقدیر بدل سکتے ہیں زراعت میں وسیع مواقع ہیں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر پیداوار بڑپانا ہو گی پیر کو چین ایگری انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا سائنس دانوں اور زرعی ماہرین کو پانی کے بہترین استعمال کاشتکاری کے جدید طریقوں کو بروئے کار لانا ہو گا زرعی تکنیک’ آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں چین کی ترقی بے مثال ہے، قبل ازیں چینی سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین زرعی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت ان کیلئے باعث مسرت ہے زرعی تعاون پر گفتگو کے لیے اکٹھا ہونا نہایت اہمیت کا حامل ہے انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں معیشت کی گزشتہ سال 3فی صد سے زائد ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مالی سال 2026ء کی پہلی سہ ماہی میں یہ شرح 3اعشاریہ ایک ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 21 اعشاریہ 2ارب ڈالر ہو گئے ہیں جس پر میں وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں انہوں نے بتایا کہ 2026ء میں چین 15 واں پانچ سالہ منصوبہ تیار اور اس پر عملدرآمد کرے گا انہوں نے سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی تعاون اور حفاظتی انتظامات کو بھی مضبوط بنائیں گے’ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی ثابت قدم جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے،، ایگری انویسٹمنٹ کانفرنس میں پاکستان کا زرعی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں چین سے تعاون بڑھانے اور سی پیک ٹو کو حقیقت اور کامیابی میں ڈھالنے کا عزم قابل تعریف ہے بلاشبہ چین نے پاکستان کے ساتھ ہر شعبہ میں مثالی تعاون کیا ہے ایک ہزار زرعی گریجویٹس زراعت کے شعبہ کیلئے گراں قدر سرمایہ ثابت ہوں گے وزیراعظم شہباز شریف ملکی معیشت کو پائیدار ترقی کی جانب گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہیں جبکہ سی پیک ٹو کو ایک حقیقت کے روپ میں دیکھنے کیلئے پُرعزم’ چین کی سی پیک منصوبوں میں بھاری سرمایہ کاری پاکستان پر اعتماد کی مظہر ہے سی پیک ایک گیم چینجر منصوبہ ہے جسکی تکمیل کے بعد خطے کے تمام ممالک اس سے فائدہ اٹھا سکیں گے، سی پیک منصوبہ کی راہ میں کچھ دشواریاں بھی پیدا ہوئیں تاہم اﷲ کی مدد سے وہ رکاوٹیں دور ہو گئیں اب سی پیک منصوبے تیزی سے اپنی تکمیل کی طرف گامزن ہیں اور انشاء اﷲ وہ وقت زیادہ دور نہیں جب سی پیک مکمل ہو کر پاک چین دوستی کو مزید بلندیوں پر پہنچائے گا اور ملکی معیشت کو نہ صرف مستحکم کرے گا بلکہ پاکستان کو دنیا کی ابھرتی ہوئی معاشی قوت بنانے کیلئے اہم کردار ادا کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں