2

زرعی یونیورسٹی ‘چین کا زرعی ترقی کے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سلک روڈ بائیو ہیلتھ ایگریکلچرل انڈسٹری الائنس، نارتھ ویسٹ ایگر یکلچر اینڈ فاریسٹری یونیورسٹی چین اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے روابط کو مزید مضبوط بنانے، تعلیمی، تحقیقی اور زرعی صنعت میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس امر کا اظہار پروفیسر ژانگ لی ژن کی قیادت میں چینی وفد نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ اجلاس میں دونوں اداروں کے مابین تحقیق کو صنعت کے لیے قابلِ عمل حل میں تبدیل کرنے پر زور دیا گیا۔ پروفیسر ژانگ لی ژن نے کہا کہ نارتھ ویسٹ ایگریکلچر اینڈ فاریسٹری یونیورسٹی چین کی جامع زرعی یونیورسٹی ہے جہاں زراعت کے تمام شعبہ جات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہترین تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون سے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے زرعی ترقی کے لیے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے اقدامات اور کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے ذریعے چینی ثقافت اور زبان کی تعلیم کے فروغ کو سراہا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد چین کے ساتھ 40 مفاہمتی یادداشتوں پر عمل کر رہا ہے جبکہ یونیورسٹی کے 87 فیکلٹی ممبران چین سے اعلیٰ تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد سے 35 ہزار سے زائد طلبہ اور فیکلٹی مستفید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعاون ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے میں مدد دے گا۔ ملاقات میں ڈینز پروفیسر ڈاکٹر قمر بلال، ڈاکٹر شاہد محمود، ڈاکٹر غلام مرتضیٰ؛ ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر سلطان حبیب اللہ، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکیجز ڈاکٹر محمد تحسین اظہر، کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے لوکل ڈین ڈاکٹر صدام حسین، ڈاکٹر فہد رسول اور دیگر نے شرکت کی۔ مزید برآں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے چینی وفد اور پاکستان کی معروف کمپنیوں و کاروباری شخصیات کے درمیان پولٹری سائنس، اینیمل فیڈ، فرٹیلائزرز، فوڈ اینڈ فروٹ پروسیسنگ اور پریسیژن ایگریکلچر جیسے اہم شعبہ جات میں انٹرایکٹو سیشنز کا بھی اہتمام کیا۔ یہ فورم تعاون کے لیے ایک متحرک پلیٹ فارم ثابت ہوا جہاں دونوں جانب کے نمائندگان نے مشترکہ کاروباری منصوبوں، ٹیکنالوجی ٹرانسفر، مہارتوں کی ترقی کے پروگراموں اور وسائل کے اشتراک کے ٹھوس مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ چینی وفد نے ایگزیبیشن سینٹر اور کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کا بھی دورہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں