1

FDAکا زیر کنٹرول کالونیوں میں تجاوزات کیخلاف آپریشن

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے آپر یشن کرتے ہوئے بھاری مشینری کے ذریعے اکبر چوک گلستان کالونی سے متعدد پختہ تجاوزات کو مسمار کر دیا اور حدود سے تجاوز کرکے تعمیرات کرنے پر پانچ دکانداروں کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون جنید حسن منج کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں انسپکٹرز ثنا اللہ، اسلم انصاری و دیگر سٹاف پر مشتمل ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ نے گلستان کالونی میں تجاوزات کے خلاف مسلسل آپریشن جاری رکھا ہوا ہے اس سلسلے میں بعض دکانداروں کو حدود سے تجاوز کرکے تعمیرات کرنے پر ازخود تجاوزات مسمار کرنے کے لئے نوٹسز بھی جاری کئے گئے لیکن عدم تعمیل کی بنا پر اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے ٹریکٹر و دیگر مشینری کے ذریعے ناجائز تعمیر کئے گئے تھڑے، ریمپ، کانٹرز و دیگر غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا اور تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان اٹھا کر قبضہ میں لے کر پانچ دکانداروں کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیئے۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ عارضی و پختہ تجاوزات قائم کرنے سے اجتناب کیا جائے بصورت دیگر باز نہ آنے پر قصوروار افراد کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کرائے جا سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں