2

صنعتوں’ برآمدکنندگان کیلئے حکومت کا بڑا اقدام (اداریہ)

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برآمدکنندگان کیلئے ایکسپورٹ ری فنانسنگ کی شرح 7.5فی صد سے کم کر کے 4.5 فی صد کرنے بجلی کے ٹیرف میں چار روپے چار پیسے مزید کمی ویلنگ چارجز میں 9 روپے کی کمی سمیت نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بڑے برآمدکنندگان کیلئے دو سال تک بلیو پاسپورٹس جیسے بڑی مراعات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ برآمدکنندگان کی غیر متزلزل محنت سے ملک میں اربوں ڈالر آئے، معیشت مستحکم سے پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہو رہی ہے معرکہ حق کے بعد دنیا میں ہماری دھاک بیٹھ گئی جو پہلے سلام نہیں کرتے تھے اب گلے لگاتے ہیں سیاسی وعسکری قیادت ملکی ترقی وخوشحالی کیلئے ملکر کام کر رہی ہے چند سالوں میں ملکی معیشت کو بدلنے کی اہلیت رکھتے ہیں معاشی کامیابی کے کٹھن سفر میں کامیابی کیلئے دن رات خون پسینہ بہانا ہو گا وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی معیشت کی بحالی کیلئے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے حکومت اور فوج کی شراکت داری کو ملک کیلئے بہترین قرار دیا انہوں نے کہا کہ حکومت اور فوج کی پارٹنرشپ اسی طرح چلتی رہی تو پاکستان دنیا کے نقشے پر مضبوط ملک بن کر ابھرے گا انہوں نے کہا بجلی 10 روپے سستی کرنی چاہتا تھا’ ہاتھ بندھے ہوئے ہیں ایڈوانس ٹیکس کے خاتمے کیلئے آئی ایم ایف سے بات کریں گے انہوں نے گورنر سٹیٹ بنک کو تگڑے فیصلوں کا مشورہ بھی دیا ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے ملک کے نمایاں برآمدکنندگان اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خاطب کرتے ہوئے کیا نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ محمد اسحاق ڈار’ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب’ وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف’ عطاء اﷲ تارڑ’ جام کمال’ احسن اقبال’ رانا تنویر حسین’ شزہ فاطمہ’ مصدق ملک’ عبدالعلیم خان’ حنیف عباسی سمیت معاونین خصوصی برآمدکنندگان اور کاروباری شخصیات بھی تقریب میں موجود تھیں’ وزیراعظم نے کہا ماضی قریب میں پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی باتیں کی جاتی رہیں ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانا ہمارے لئے بڑا چیلنج تھا حکومت سنبھالی تو ملک کی معاشی صورتحال ابتر بھی حکومتی کاوشوں سے ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا آئی ایم ایف کو یقین دلایا کہ جو وعدے کئے جائیں گے وہ پورے ہوں گے حکومت کی کوششوں سے ملکی معیشت مستحکم ہو رہی ہے پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہو کر 10 فیصد تک آ چکا چین’ سعودی عرب’ یو اے ای’ قطر سمیت دوست ممالک کا شکریہ، جنہوں نے مشکل وقت میں مدد کی وزیراعظم نے کہا کہ ملکر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہو گا، وزیراعظم نے کہا کہ تاجر برادری کو کاروباری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے وزیراعظم نے کہا حکومت نے ایکسپورٹ ری فنانس سکیم کیلئے 1052 ارب روپے مختص کئے تھے جس میں سے 900 ارب روپے استعمال کئے جا چکے ہیں انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت برآمدکنندگان کو اسٹیٹ بنک کے پالیسی ریٹ کے تحت 3فی صد کا ریلیف حاصل تھا جسے اب مزید کم کر دیا گیا ہے تقریب میں وزیراعظم نے نمایاں برآمدکنندگان کو ایوارڈ بھی دیئے،، وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے صنعتوں’ برآمدکنندگان کیلئے بڑے اعلانات خوش آئند ہیں بجلی 4.04 ویلنگ چارجز 9روپے کم ایکسپورٹ ری فنانسنگ کی شرح 4.5فی صد 2سال تک بلیو پاسپورٹ کا اعلان کر کے انہوں نے صنعتوں اور برآمدکنندگان کیلئے مزید آسانیاں پیدا کی ہیں جس سے برآمدات میں اضافہ اور صنعتوں کی پیداواری لاگت میں کمی ہو گی بجلی کے ریٹس کم ہونے کا ایک عرصہ سے صنعتوں کے مالکان کی طرف مطالبہ کیا جا رہا تھا بالآخر ان کی سنی گئی اور حکومت کی طرف سے اعلان کر دیا گیا ہے اس بات میں کوئی شک نہیں کہ سیاسی وعسکری قیادت کے ایک پیج پر ہونے سے ملک کے مسائل میں کمی آ رہی ہے اور ملک ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے معیشت قدرے بہتر ہے مہنگائی میں بھی کمی آئی وزیراعظم اور ان کی کابینہ ملک کے لیے بہتر فیصلے کر رہے ہیں تاہم ابھی بہت سے فیصلے کرنا باقی ہیں امید ہے سیاسی وعسکری قیادت ملک کو دنیا میں اہم مقام دلانے کیلئے کوشش جاری رکھے تاکہ ملکی ترقی وعوامی خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں