1

اڑان پاکستان منصوبہ ملک کی تقدیر بدل دیگا

لاہور( بیوروچیف)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے بغیر ترقی ناممکن ہے، نوجوانوں کو جدید علوم و ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں، ملک کو معاشی بحران سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا، اڑان پاکستان منصوبہ ملک کی تقدیر بدل دے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی تعلیمی ادارے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر اساتذہ، طلبہ اور دیگر افرادکی بڑی تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ جدت اور نئی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لائے بغیر پائیدار ترقی کا خواب ناممکن ہے ،دنیا بھر میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے نوجوانوں کو برسر روزگار کیا جا رہا ہے،جو ملک وقت کے تقاضوں کے مطابق فیصلہ نہیں کرے گا وہ ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جائے گا،انجینئرز اور ٹیکنالوجی کے ماہرین ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کے لیے جدید سائنسی علوم اور ٹیکنالوجی کو اپنانا ناگزیر ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ، ہمارے پاس بڑا موقع ہے کہ قدرت نے نوجوان آبادی دی ہے،اگر ہم اپنے نو جوانوں کو سائبر سیکیورٹی کی طرف لے جائیں تو پاکستان مستقبل کا اہم ستون بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا ہم نے اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے 1997 اور 1998 سے کام شروع کیا تھا جب وژن 2010 بنایا تھا،اس وقت کوئی ٹیکنالوجی کی بات نہیں کرتا تھا، لیکن بدقسمتی سے 2 سال بعد مارشل لا کا دور آیا اور ہم تاریک راہوں میں کھو گئے،2013 میں ہم دوبارا آئے تو اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے بجلی نہیں ہوتی تھی، پھر قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں اس ملک سے لوڈ شیڈنگ کو ختم کیا اور ملک کو دوبارہ ترقی کے سفر پر گامزن کیا،دو ہزار سترہ میں نیشنل سنٹر آف ٹیکنالوجی بنایا ،لیکن ایک بار پھر ایک ایسے لیڈر کو سوشل میڈیا کے ذریعے قوم پر مسلط کیا گیا جس نے کبھی ایک کونسل نہیں چلائی تھی، اس وقت مارکیٹ میں شرطیں لگ رہی تھیں کہ پاکستان بس 4 ہفتے نکالے گا، اس وقت کے وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم ڈیفالٹ کر جائیں گے، ایک اخبار نے سرخی لگائی کہ پاکستان پتھر کے دور میں چلا جائے گا ،لیکن پھر دنیا نے دیکھا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں اس ملک کو ناصرف ڈیفالٹ ہونے سے بچایا بلکہ ترقی کی راہ پر گامزن کیا،حکومت سنبھالی تو اڑان پاکستان دوبارہ شروع کیا،پوری دنیا آج پاکستان کی معترف ہے، اب کسی کو اس ترقی کے سفر کو روکنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔ احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے تعلیم، تحقیق اور جدت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور جدید انجینئرنگ کے شعبے مستقبل کی معیشت کی بنیاد ہیں، جن میں مہارت حاصل کر کے نوجوان نہ صرف اپنے لئے بہتر مواقع پیدا کر سکتے ہیں بلکہ ملکی ترقی میں بھی بھرپور کردار ادا کر سکتے ہیں، غریب گھر کا بچہ بھی اس ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنی قسمت بدل سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل سکل دینے کے پروگرام شروع کئے جا رہے ہیں، جس کے لیے ہماری کوشش ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کو ساتھ لے کر چلیں ،فن ٹیک کے ذریعے ڈیجیٹل کام کو آگے بڑھایا جارہا ہے،یہ ایک ایسا موقع ہے جس میں جس قدر تیزی سے آگے بڑھیں گے اس قدر کامیابی ملے گی،یہ وہ راستہ ہے جس پر قومیں چل کر کامیاب ہوتی ہیں بصورت دیگر جس طرح فون کے سافٹ ویئر کو اپ گریڈ نہ کیا جائے تو وہ پرانا ہو جاتا ہے ، اسی طرح ہم جدت اپنائے بغیر دنیا سے پیچھے رہ جائیں گے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت اور تعلیمی اداروں کے درمیان اشتراک کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ تحقیق کو عملی شکل دی جا سکے اور صنعت و اکیڈمیا کے درمیان مضبوط روابط قائم ہوں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تحقیق و تخلیق کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھیں اور پاکستان کو خود کفیل بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ،دنیا کے ہر ملک کو اس وقت مشکلات کا سامنا ہے امریکہ اور یورپ کو ہی دیکھ لیں ، بس ہمیں بطور قوم خلوص نیت سے اپنے اپنے حصے کا کام کرنا ہے، پھر دنیا کی کوئی طاقت ہمیں ترقی کرنے سے نہیں روک سکے گی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں