2

AI میں انقلاب،انسان کا غم باٹنے والے کھلونے تیار

بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک )ایسا لگتا ہے کہ ہم ایک ایسے دور میں داخل ہو رہے ہیں جہاں مشینیں صرف کام کرنے کے لیے نہیں بلکہ ہماری تنہائی بانٹنے کے لیے بنائی جا رہی ہیں۔ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک نیا انقلاب دستک دے رہا ہے جہاں اب مشینیں صرف ہدایات پر عمل نہیں کرتیں بلکہ انسانی جذبات کو محسوس بھی کرتی ہیں۔ حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے ٹیک شو CES 2026 میں “جذباتی مصنوعی ذہانت (AI) کے حامل کھلونے توجہ کا کا مرکز بنے رہے، جو خاص طور پر تنہائی کے شکار افراد کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔اس ابھرتی ہوئی صنعت میں چینی کمپنی Takway AI کا تیار کردہ Sweekar سب سے نمایاں رہا۔ یہ دنیا کا پہلا ایسا پاکٹ پیٹ (Pocket Pet) ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ ایک جاندار کی طرح بڑھتا ہے۔یہ کھلونا نہ صرف سانس لینے کی نقل کرتا ہے بلکہ اس میں جسمانی حرارت بھی محسوس ہوتی ہے، یہ کھلونا ایک انڈے سے شروع ہو کر بچے اور پھر بالغ ہونے تک کے مراحل طے کرتا ہے جس کی قیمت 150 سے 200 ڈالر کے درمیان مقرر کی گئی ہے۔ای کامرس کے بڑے پلیٹ فارمز (Taobao اور JD.com) کی رپورٹس کے مطابق سال 2025 میں ان کھلونوں کی فروخت میں 1600 فیصد کا ناقابل یقین اضافہ ریکارڈ کیا گیا صرف چین میں گزشتہ سال تقریبا 70 لاکھ AI کھلونے فروخت ہوئے، جس سے 700 ملین یوآن کا ریونیو حاصل ہوا۔ماہرین کے مطابق یہ ٹیکنالوجی اب مختلف طبقوں کی ضرورت بن رہی ہے، نوجوان نسل (Gen Z) یہ کھلونے ان کے لیے غیر ججمنٹل ساتھی کا کام کرتے ہیں۔ جیسے Fuzozo نامی نرم کھلونا جو صرف سکون فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔اس کے علاوہ بزرگوں میں تنہائی دور کرنے کے لیے چیٹی پیرٹ جیسے روبوٹ بنائے گئے ہیں جو مقامی زبان میں باتیں کرتے ہیں اور صحت کے حوالے سے الرٹس بھی دیتے ہیں۔معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ شعبہ آنے والے وقت میں اسمارٹ ہوم ڈیوائسز سے بھی بڑی صنعت بن سکتا ہے۔ یہ ٹیکنالوجی نہ صرف تعلیم اور تفریح بلکہ نفسیاتی سہارے کے طور پر بھی ایک بڑی مارکیٹ بن چکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں