1

خلائی مشنز کو موثربنانے کیلئے روبوٹ چاند پر بھیجنے کا فیصلہ

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) یورپ کے سائنسدانوں نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے خلائی مشنز کو مزیدموثر اور محفوظ بنانے کے لیے روبوٹک نظام کو چاند پر بھیجنے کا فیصلہ کر لیا۔ جس کی باقاعدہ تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سائنسدانوں نے کہا ہے کہ اس مشن کا بنیادی مقصد مستقبل کی خلائی مہمات کو آسان، محفوظ اور زیادہ مثر بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں اسپین کی یونیورسٹی آف ملاگا کی اسپیس روبوٹکس لیب کے محققین بھی شامل ہیں۔ جنہوں نے اسپین کے آتش فشانی جزیرے لانزاروتے پر تین جدید روبوٹس کی کامیاب جانچ اور تصدیق کی۔یورپی سائنسدانوں نے کہا کہ خلا میں بھیجے جانے والے یہ روبوٹس انتہائی مشکل، ناہموار اور زیر زمین ماحول میں خودمختار انداز میں کام کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان روبوٹس کو خاص طور پر ایسے علاقوں کی تحقیق کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ جہاں انسانوں کی رسائی نہایت محدود یا خطرناک ہو۔تحقیقی ٹیم کے مطابق یہ مشن اگرچہ مشکل ہے۔ تاہم اس کی اہمیت بھی غیر معمولی ہے۔سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ لاوا ٹنلز میں بے پناہ سائنسی امکانات موجود ہیں۔ مگر ناہموار زمین، محدود داخلی راستے اور خطرناک حالات ان مقامات تک رسائی کو ایک بڑا چیلنج بنا دیتے ہیں۔ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ مستقبل میں چاند اور دیگر سیاروں پر انسانی مشنز کی منصوبہ بندی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں