2

مسافر گاڑیوں کی کھلے عام ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں،خطرناک ریس لگانے کا انکشاف

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) فیصل آباد سے ٹوبہ ٹیک سنگھ، چیچہ وطنی، وہاڑی اور چشتیاں جانیوالی مسافر گاڑیوں کی جانب سے کھلے عام ٹر یفک قوانین کی خلاف ورزی اور خطرناک ریس لگانے کا انکشاف ہوا ہے، جس سے مسافروں سمیت عام شہریوں کی جانیں شدید خطرے میں پڑ گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے دو مختلف بس اڈوں سے روزانہ شام کو فیصل آباد سے مسافر گاڑیاں دوپہر 3 بج کر 20 منٹ پر روانہ ہوتی ہیں، جن میں سے دو گاڑیاں ایک اڈے جبکہ ایک گاڑی دوسرے اڈے کی ہے۔ یہ گاڑیاں فیصل آباد سے نکلتے ہی ایک دوسرے کے ساتھ تیز رفتاری اور ریس بازی شروع کر دیتی ہیں جو پورے راستے جاری رہتی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈرائیور مسافروں کی زندگیوں کو دا پر لگا کر غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں، جبکہ ٹریفک قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کے باوجود متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگرخدانخواستہ کسی بڑے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا تو اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوگی؟عوامی حلقوں نے وزیراعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ، آئی جی پنجاب، آئی جی ٹریفک پولیس، آر پی او فیصل آباد، ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ، ڈی ایس پی ٹریفک فیصل آباد و ٹوبہ ٹیک سنگھ اور آر ٹی سیکرٹریز سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ دار ڈرائیوروں اور اڈہ مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور اس خطرناک عمل کو روکنے کے لیے مثر اقدامات کیے جائیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے بروقت اس سنگین مسئلے کی نشاندہی کر دی ہے، اب متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ کسی بڑے سانحے سے قبل عملی اقدامات کر کے عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں