7

چک نمبر189ر۔ب ڈیجیٹل ماڈل گائوں قرار

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان میں کیش لیس اکانومی کو رواج دینے کیلئے فیصل آباد کے چک نمبر189ر ب رسول پورہ گیڈری کو ملک کا پہلا ڈیجیٹل ماڈل گائوں قرار دیدیا گیا ہے۔یہ قدم وزیراعظم اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے کیش لیس اکانومی انیشیٹو کا حصہ ہے جس کے تحت پچاس فیصد ادائیگیوں کو ڈیجیٹل کے ذریعے کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے سٹیٹ بینک آف پاکستان کی چیف مینجر محترمہ فوزیہ اسلم نے ڈیجیٹل ماڈل گائوں کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں تمام بینکوں نے اپنے سٹال لگائے ۔لوگوں کے اکائونٹ کھولے اور انہیں ڈیجیٹل ذرائع سے ادائیگی کرنے کے بارے میں آگاہی دی ۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اس گائوں میں دودھ فروخت کرنے والے وینڈر اور مرچنٹس بھی ڈیجیٹل ذرائع کا استعمال کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اس سال رسول پور کو ڈیجیٹل ماڈل گائوں بنانے کیلئے منتخب کیا گیا جبکہ آئندہ سال مزید دیہات میں کیش کے بغیر لین دین کے نظام کو متعارف کرایا جائے گا ۔ انہوں نے ڈیجیٹل اکانومی کے حوالے سے رسول پور کی تعریف کی اور کہا کہ اس کی وجہ سے اس گائوں کے لوگوں کو سرمایہ تک آسان رسائی ‘سہولت اور سرمایہ کی محفوظ نقل و حمل میں بھی مدد ملے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس گائوں میں پورا دیجیٹل نظام مہیا کیا گیا ہے جس میں پوائنٹ آف سیل اور اے ٹی ایم مشین کے علاوہ موبائل پے منٹ کی سہولت بھی شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگ نجی لین دین کے علاوہ سرکاری بلوں کی ادائیگی بھی اس نظام کے ذریعے کر سکیں گے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں