2

سرینا ولیمز 22 فروری کے بعد ٹینس میں واپسی کی اہل قرار

نیو یارک (سپورٹس نیوز) امریکی ٹینس لیجنڈ سرینا ولیمز 22 فروری سے باضابطہ طور پر دوبارہ ٹینس کھیلنے کی اہل ہو گئی ہیں، تاہم یہ اب تک واضح نہیں ہو سکا کہ وہ واقعی مقابلہ جاتی ٹینس میں واپسی کریں گی یا نہیں۔بین الاقوامی ٹینس انٹیگریٹی ایجنسی (آئی ٹی آئی اے)کے مطابق سرینا ولیمز کا نام پیر کو بحال شدہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کیا گیاہے، جس کے بعد وہ مقررہ تاریخ سے کسی بھی منظور شدہ ٹورنامنٹ میں شرکت کر سکتی ہیں۔تاہم سرینا نے تاحال اپنی واپسی کا کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا۔قواعد کے مطابق ریٹائرڈ کھلاڑی اس وقت مقابلوں میں واپس آ سکتے ہیں جب وہ کم از کم چھ ماہ تک مقابلوں سے باہر ڈوپ ٹیسٹنگ کے لیے خود کو دستیاب رکھیں۔دسمبر میں آئی ٹی آئی اے نے تصدیق کی تھی کہ سرینا ولیمز دوبارہ ڈوپ ٹیسٹنگ پول میں شامل ہو چکی ہیں۔اس پیش رفت کے چند گھنٹوں بعد سرینا ولیمز نے سوشل میڈیا پر کہا تھا کہ وہ واپسی نہیں کر رہیں، تاہم جنوری کے آخر میں ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے ممکنہ واپسی کو مکمل طور پر رد بھی نہیں کیا، جس کے بعد قیاس آرائیاں مزید بڑھ گئیں۔44 سالہ سرینا ولیمز نے 2022 کے یو ایس اوپن کے بعد اپنے کیریئر کا اختتام کیا تھا، تاہم انہوں نے کبھی خود کو مکمل طور پر ریٹائرڈ قرار نہیں دیا بلکہ کہا تھا کہ وہ ٹینس سے دور ارتقا اختیار کر رہی ہیں۔واضح رہے کہ سرینا ولیمز نے اپنے شاندار کیریئر میں 23 گرینڈ سلام سنگلز ٹائٹلز جیتے، جو خواتین کے اوپن ایرا میں ایک ریکارڈ ہے۔ وہ اپنی بہن وینس ولیمز کے ساتھ ڈبلز میں بھی 14 گرینڈ سلام ٹائٹلز اور تین اولمپک طلائی تمغے جیت چکی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں