3

وزیر خزانہ کی نااہلی،پانڈا بانڈز کا اجرا ایک بار پھر موخر

اسلام آباد(بیوروچیف) باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ رواں ماہ فروری میں 25 کروڑ ڈالر مالیت کے پانڈا بانڈز اجرا کا پلان موخر کر دیا گیا کیونکہ وزارت خزانہ کی ورکنگ نامکمل ہونے کے باعث فروری کے پہلے ہفتے میں پانڈا بانڈز کا اجرا نہیں ہو سکا۔وزارت خزانہ حکام آئندہ ماہ کے دوران بانڈز کے اجرا کیلئے پرامید ہیں لیکن تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا جا سکا۔ حکومت نے رواں مالی سال کے دوران چوتھی مرتبہ پانڈا بانڈز کے اجرا میں تبدیلی کی ہے جبکہ ایک اعشاریہ 2 ارب ڈالر کی یوروبانڈز کی ادائیگی اپریل 2026 میں کرنی ہے جس کیلئے حکومت مالیاتی انتظامات کر رہی ہے۔پانڈا بانڈا کے اجرا کیلئے ابھی بھی وزارت خزانہ کی ورکنگ مکمل ہونا باقی ہے، پانڈا بانڈز کے اجرا کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک اور ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک 95فیصد تک گارنٹی فراہم کریں گے، 25کروڑ ڈالر پانڈا بانڈز کا ابتدائی اجرا کا پلان گزشتہ مالی سال کیلئے تھا جو کہ اب چوتھی مرتبہ تبدیل ہوا ہے۔پاکستان تاریخ میں پہلی بار چین کی انٹر بینک بانڈ مارکیٹ میں پانڈا بانڈ جاری کرنے جا رہا ہے جس کے ذریعے ابتدائی طور پر 25 کروڑ ڈالر چینی یوآن کے برابر اکٹھے کیے جائیں گے۔پانڈا بانڈز کی مدت تین سال اور شرح منافع مقررہ فکسڈ ریٹ پر ہو گی جو سنگل ڈیجٹ میں رہنے کی توقع ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں