فیصل آباد میں24ارب قرض حسنہ کے طور پر تقسیم کئے جاچکے،امجد ثاقب

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) اللہ کے راستے میں سخاوت کرنے والا کبھی غریب نہیں ہو سکتا’ یہ ممکن ہی نہیں کہ ہم اللہ کی مخلوق کیلئے آسانیاں پیدا کریں اور اللہ تعالیٰ ہمیں دوست نہ بنائے’ غریب اورمستحق لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے کیلئے اپنی خوشیاں قربان کریں گے تو دنیا اور آخرت میں فلاح پا جائیں گے’ ان خیالات کا اظہار اخوت فائونڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب نے اخوت فائونڈیشن کے افطار ڈنر کے شرکاء سے کیا’ افطار ڈنر میں آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان حاجی محمد عابد’ چوہدری حبیب گجر ‘گلوبل اخوت کے کنوینئراظہر حمید’ سی ٹی او ناصر جاوید رانا’ میجر (ر) شاہنواز’ میاں عبدالمنان’ میاں کمال الدین’ ملک سبحان’ شیخ آصف’ رانا محمد سکندراعظم خاں’ ارم ناز’ عرفان کمبوہ ڈی ایس پیز ‘ مرز اشرف مغل’ حاجی اسلم بھلی’ وحید رامے’ نجمہ افضل’طیب گیلانی’ حاجی شیخ رشید’ میاں عثمان’ شاہد رسول’ میاں رفعت قادری’ میاں اختر محمود’ مرزا امجد کمال’ میاں منیر’ مرزا عبداللہ کے علاوہ فیصل آباد کے ہر مکتبہ فکر کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی’ ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ اخوت فائونڈیشن کا مقصد لوگوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانا ہے’ قرض کی سکیم بنیادی طور پر غریبوں کو بلاسود قرضے فراہم کرنے پر مرکوز ہے’ جس کا مقصد کاروباری اور مالی آزادی کو فروغ دینا ہے’ اس اقدام نے ہزاروں خاندانوں اور افراد کو بلند شرح سود کا بوجھ ڈالے بغیر مالی امداد فراہم کر کے ان کی مدد کی ہے’ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں ساڑھے چار لاکھ گھرانوں میں 24 ارب روپے کی خطیر رقم قرض حسنہ کے طور پر تقسیم کی جا چکی ہے اور اللہ کے شکر ہے کہ قرض کی واپسی 100 فیصد ہے’ پاکستان کے طول و عرض کے 70 لاکھ گھرانوں تک اخوت کی شمع جل رہی ہے’ دنیا میں جو کچھ ہے وہ ”رب” کا ہے اور جو ”رب” کا وہ سب کا ہے’ لہٰذا اللہ تعالیٰ کی عطا سے چند سکے اللہ کے بندوں پر خرچ کریں پھر دیکھیں آپ کے دل کو کتنا سکون اور راحت میسر آتی ہے’ نماز کے ساتھ ساتھ زکوة اور صدقات بھی دل کھول کر دیں یہی ہماری نجات کا سبب بنے گا’ افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان حاجی محمد عابد اور چوہدری حبیب گجر’ ‘گلوبل اخوت کے کنوینئراظہر حمید’ سی ٹی او ناصر جاوید رانا’ میجر (ر) شاہنواز و دیگر مقررین نے کہا کہ ڈاکٹرامجد ثاقب نے اخوت کے نام سے جو شمع روشن کی تھی وہ پوری آب و تاب سے پورے پاکستان میں روشنی پھیلا رہی ہے’ جو پودا انہوں نے لگایا تھا وہ تناآور درخت بن کر اللہ کے بندوں کیلئے چھائوں دے رہا ہے’ اخوت قرض حسنہ کا سب سے بڑا ادارہ بن گیا ہے’ ڈاکٹر امجد ثاقب نے جو خواب دیکھا تھا کہ کوئی بھوکا نہ سوئے’ کوئی بغیر چھت کے نہ رہے’ تعلیم کے شمع ہر گھر میں جلے’ ہر مریض تک دوائی پہنچے کی تعبیر حاصل کر لی ہے’ ہماری دعا ہے کہ ڈاکٹر امجد ثاقب اسی طرح دکھی انسانیت کی خدمت کرتے رہیں اور اللہ کی مخلوق کو راضی کرتے رہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں