رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

لاہور(بیوروچیف) چیئرمین ایکشن فورم پنجاب آصف سلیم مٹھا نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی مہنگائی کی شرح میں 20سے30فیصد اضافہ ہو گیا ہے جو انتہائی تشویشناک ہے ، گراں فروشی کی روک تھام کے لئے مستقل بنیادوں پر پیٹرولنگ کا نظام لایا جائے اور افسران کو فوری جرمانوں اور سزائوں کا اختیار بھی سونپا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صارفین کے حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیم کے عہدیداروں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ چیئرمین ایکشن فورم پنجاب آصف سلیم مٹھا نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت سمیت صوبہ بھر میں کہیں بھی سبزیاں اور پھل سرکاری نرخنامے کے مطابق دستیاب نہیں ، اسی طرح گوشت ، دالیں اور دیگر مصالحہ جات بھی سرکاری نرخنامے کے مطابق فروخت نہیں کئیجارہے ۔ انہوں نے کہا کہ دکانداروں کو صرف نرخنامہ آویزاں کرنے کا پابند کرنے سے گراں فروشی نہیں رکے گی ،دکاندار نرخنامہ آویزاں کرنے کے باوجود گراں فروشی کرتے اور صارفین کی جانب سے آواز اٹھانے پر الٹا دھمکیاں دی جاتی ہیں ۔ تجویز ہے کہ بازاروں میں پیٹرولنگ کا مستقل نظام لایا جانا چاہیے تاکہ دکاندار کو خوف ہو کہ صارف کی شکایت پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے تنظیم کے عہدیداروںکو تجویز دی کہ وہ صارفین کو سرکاری نرخنامے کے برعکس فروخت کرنے والے دکانداروں کے بائیکاٹ کی آگاہی دیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں