رونالڈو کا یوم تاسیس پر بشٹ میں منفرد انداز میں جشن

ریاض(سپورٹس نیوز) سعودی عرب کے مشہور فٹ بال کلب النصر کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو 30 برس کی عمر کے بعد 500 کلب اور قومی سطح کے گول کرنے والے پہلے فٹبالر بن گئے ہیں۔یہ سنگ میل سعودی پروفیشنل لیگ کے ایک میچ میں الحزم کے خلاف 4-0 کی شاندار فتح کے دوران حاصل ہوا، جہاں رونالڈو نے اہم کردار ادا کیا۔اس موقع پر رونالڈو نے سعودی عرب کے یومِ تاسیس کی مناسبت سے روایتی سعودی لباس بِشت پہن کر فتح کا جشن منایا، بشت یہ لباس سعودی ثقافت میں قیادت اور وقار کی علامت سمجھا جاتا ہے، تاریخی طور پر یہ لباس اس وقت نمایاں ہوا تھا جب پہلی سعودی ریاست کی بنیاد رکھی گئی۔یہ غیر معمولی جشن غیر ملکی میڈیا نے بھی خوب کور کیا اور رونالڈو کی بشت پہنے تصویر سوشل میڈیا پر محض 40 منٹ میں 40 لاکھ سے زائد لوگوں نے دیکھی، جو تیزی سے وائرل ہوئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق رونالڈو نے 30 سال کی عمر تک تقریبا 463 گول کئے تھے، جبکہ اس کے بعد انہوں نے مزید 500 گول سکور کر کے اپنے کیریئر کی لمبی عمر اور غیر معمولی فٹنس کا ثبوت دیا، اس وقت ان کی عمر 41 برس ہے، اس فتح کے بعد النصر سعودی لیگ کی پوائنٹس ٹیبل میں پہلے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں