گلوکار عالم لوہار کی 98ویں سالگرہ منائی گئی

لاہور( شوبز نیوز)معروف لوک گلوکار عالم لوہار کی 98ویں سالگرہ گزشتہ روز منائی گئی ۔عالم لوہار یکم مارچ 1928 کو گجرات کے نواحی گائوں میں پیدا ہوئے، انہوں نے کم عمری سے گلوکاری کا آغاز کیا۔عالم لوہار کو چمٹا بجانے اور آواز کا جادو جگانے میں کمال کا فن حاصل تھا، ان کے گائے ہوئے پنجابی گیتوں کی خوشبو آج بھی جابجا بکھری ہوئی ہے۔ان کی خاص پہچان ان کا چمٹا تھا، انہوں نے چمٹے کو بطور میوزک انسٹرومنٹ استعمال کیا اور دنیا کو ایک نئے ساز سے متعارف کرایا۔وہ اپنے مخصوص انداز اور آواز کی بدولت بہت جلد عوام میں مقبول ہوگئے، ان کی گائی ہوئی جگنی آج بھی لوک موسیقی کا حصہ ہے۔جگنی اس قدر مشہور ہوئی کہ ان کے بعد آنے والے متعدد فنکاروں نے اسے اپنے اپنے انداز سے پیش کیا لیکن جو کمال عالم لوہار نے اپنی آواز کی بدولت پیدا کیا وہ کسی دوسرے سے ممکن نہ ہوسکا۔جگنی کے علاوہ عالم لوہار نے کئی اور منفرد نغمے تخلیق کئے ۔ان کا انتقال تین جولائی 1979 کو پنجاب کے ایک قصبے میں ٹریفک حادثے کی وجہ سے ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں