فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ستھرا پنجاب اتھارٹی کے ویسٹ ورکرز کو 2 ماہ سے تنخواہ نہ مل سکی، گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے، دکانداروں نے ادھار دینا بھی چھوڑ دیا، نوبت فاقوں تک پہنچ گئی، پریشان حال ویسٹ ورکرز کی تنخواہیں ریلیز کرنیکی ”دہائی”، 2 ماہ کی تنخواہیں ہمیں ذمہ داری ملنے سے پہلے رُکی ہیں’ عیدالاضحی سے قبل تنخواہیں جاری کر دینگے’ ستھرا پنجاب اتھارٹی کے ایم ڈی عابد حسین بھٹی کی ”ڈیلی بزنس رپورٹ” کے نیوز ایڈیٹر ریاض ملک سے بات چیت۔ تفصیل کے مطابق ستھرا پنجاب کے ویسٹ ورکرز کو گزشتہ دو مہینوں سے تنخواہ نہیں دی گئی جس کے باعث انہیں شدید پریشانی کا سامنا ہے’ ویسٹ ورکرز نے جن دکانوں سے ادھار سامان لیا، انہوں نے ان کا ناک میں دم کر دیا اور مزید ادھار دینے سے صاف انکار کر دیا ہے، اس صورتحال سے ویسٹ ورکرز کے گھروں میں فاقوں کا راج ہے اور انہوں نے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فوری طور پر تنخواہیں جاری کی جائیں۔ ”ڈیلی بزنس رپورٹ” کے نیوز ایڈیٹر ریاض ملک نے اس معاملہ کے بارے میں ستھرا پنجاب اتھارٹی کے ایم ڈی عابد حسین بھٹی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ ہمارے فرائض منصبی سنبھالنے سے پہلے ویسٹ ورکرز کی 2ماہ کی تنخواہیں رُک چکی ہیں لیکن اب ستھرا پنجاب اتھارٹی اس مسئلہ کو حل کرے گی اور عیدالاضحی سے قبل ویسٹ ورکرز کو تنخواہیں مل جائیں گی۔




