سوشل میڈیا کا بے دریغ استعمال،جواں سال لڑکیوں کے اغواء اور آبروریزی کے واقعات بڑھ گئے

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)سوشل میڈیا کے بے دریغ استعمال کے باعث کم عمر ‘جواں سال لڑکیوں اور سکول و کالجز کی طالبات کے اغواء اور آبرو ریزی کے واقعات خوفناک حد تک بڑھ گئے۔صرف فیصل آباد میں روزانہ دو درجن کے لگ بھگ واقعات رپورٹ ہو رہے ہیںاور جو رپورٹ نہیں ہوتے ان کی تعداد بھی اچھی خاصی ہے۔والدین کو اپنی بیٹیوں کی عزت کو پامال ہونے اور بیٹوں کو بے راہ روی سے بچانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگاوگرنہ موبائل فون کا آزادانہ استعمال مزید تباہی کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر گوجرہ کے چک نمبر367ج ب میں یاسین نے پولیس کو بتایا کہ اس کی جواں سالہ بیٹی فاطمہ گھر سے دوست کو ملنے کا بہانہ بنا کر گئی اور شام کو گھر آ کر بتایا کہ ایک نوجوان مزمل کے ساتھ اس کی اپنی دوست کی شادی پر دوستی ہوئی دونوں موبائل فون پر بات چیت کرتے رہے وقوعہ کے روز وہ اس سے ملنے گئی تو مذکورہ نوجوان نے اسے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔تھانہ گلبرگ فیصل آباد کے علاقہ افغان نمبر2میں فضل ارشاد کی بیٹی ایمان فضل اپنے کالج سے رولنمبر لینے گئی جسے اغواء کر لیاگیا۔تھانہ صدر فیصل آباد کے نواحی گائوں 225ر ب میں مظہر اقبال کی17سالہ بھتیجی ایمان فاطمہ کو نامعلوم افراد اغواء کر کے لے گئے تھانہ سٹی سمندری کے علاقے 12مربع سمندری میں ابوبکر کی جواں سالہ بہن انعم رشید کو بھی اغواء کر لیاگیا۔تھانہ بچیانہ کے علاقہ 625گ ب میں عنصر بی بی کی نواسی 17سالہ ماریہ کو اوباش ا فراد اغواء کر کے لے گئے۔ تھانہ کوتوالی کے علاقے محلہ مرضی پورہ میں اصغر بشیر کی13سالہ بیٹی طیبہ بی بی گھر سے سودا سلف لینے کے لئے بازار گئی جسے کیری ڈبہ میں سوار ملزمان اغواء کر کے لے گئے تھانہ موچی والا کے چک نمبر161ج ب میں محمد نواز کی 17سالہ بیٹی خوشبو کو بازار سے اغواء کرلیا گیا۔تھانہ سٹی گوجرہ کے محلہ طاہرہ آباد میں آسیہ بی بی کی 2بیٹیوں17سالہ کنزہ عرفان اور 16سالہ سائرہ عرفان کو ملزمان محمد زوہیب اور عمر وغیرہ اغواء کر کے لے گئے۔ بعد میں سائرہ عرفان کو راستے میں چھوڑ دیا اور اس کی دوسری بہن کنزہ عرفان کو اپنے ساتھ لے گئے۔علاوہ ازیں تھانہ صدر فیصل آباد کے علاقے الٰہی آباد سے محمد الیاس کے 6سالہ بیٹے عبدالحادی کو بازار سے اغواء کر لیاگیا۔تھانہ پیپلز کالونی کے علاقے دائود چوک میں 35سالہ اللہ دتہ کو نامعلوم افراد اغواء کر کے لے گئے۔ تھانہ صدر فیصل آباد کے علاقہ فرید ٹائون میں 21سالہ محمدطلحہ کو بھی اغواء کر لیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں