مری (نامہ نگار) ملکہ کوہسار مری میں عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران ملک بھر سے آنے والے سیاحوں کی متوقع بڑی تعداد کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ نے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق عید کے موقع پرمری میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے تاکہ ٹریفک اورامن و امان کی صورتحال کو بہتر رکھاجاسکے، سیاحوں کی رہنمائی اور سہولت کے لیے مختلف مقامات پر فیسلیٹیشن سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متوقع رش کو مدنظر رکھتے ہوئے دوسو سے زائد ٹریفک وارڈنز تعینات کیے گئے ہیں، جو شہرمیں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے میں معاونت کریں گے۔ مزید برآں مال روڈ پر فیملیز کے لیے خصوصی سہولت فراہم کرتے ہوئے بیچلر ٹورسٹس کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، تاکہ سیاح خاندانوں کو بہتر اور پرسکون ماحول میسر آسکے۔




