فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں1ارب کی کرپشن’ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے میرٹ پر تحقیقات کا حکم دے دیا تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن حکام نے دو سال کے دوران FWMC میں 1 ارب سے زائد کی کرپشن کرنے پر فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سابق ایم ڈی رئوف احمد’ اعلیٰ افسران اور کیئر سروسز کنسوریشم کے سی ای او’ ٹھیکیدار سمیت دیگر کیخلاف مقدمہ درج کر کے 6افسران کو گرفتار کر کے ان سے بازپرس شروع کر دی تھی جن سے مزید تفتیش جاری ہے مگر ابھی تک دیگر ملوث افسران کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب اور سی سی ڈی کے سربراہ سہیل ظفر چٹھہ کو حکم دیا ہے کہ اس میگا سکینڈل کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے میرٹ پر تفتیش کی جائے، چاہے اس سکینڈل میں کوئی ایم این اے یا ایم پی اے اور بااثر شخصیات ملوث ہوں ان کے حوالے سے بغیر دبائو کے رپورٹ میں لکھا جائے اس سکینڈل میں ملوث ہر کردار کو میرٹ پر کیفرکردار تک پہنچایا جائیگا، کسی کو معافی نہیں ملے گی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق فیصل آباد کی تاریخ کے اس میگا سکینڈل میں دو لیگی ایم پی ایز کے نام بھی آ رہے ہیں مگر اس حوالے سے ابھی تک ٹھوس شواہد سامنے نہیں آئے ہیں یہ شفاف تحقیقات کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ اس کیس میں کون کون ملوث ہے۔




