عید پرشدید ہیٹ ویو کا خدشہ

لاہور (بیوروچیف) پی ڈی ایم اے پنجاب نے عیدالاضحی کے موقع پر ممکنہ ہیٹ ویو کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق عید کی تعطیلات کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کی لہر کا امکان ہے اور درجہ حرارت معمول سے 4سے 7ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کی توقع ہے۔اعلامیے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ اور دیگر اضلاع میں درجہ حرارت 42ڈگری تک جا سکتا ہے جبکہ ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، رحیم یار خان، سرگودھا اور جھنگ سمیت دیگر اضلاع میں پارہ 50 ڈگری تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران رات کے وقت بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے ،عوام الناس سے گزارش ہے کہ گرمی و ہیٹ ویو کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں،صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک شدید دھوپ میں غیر ضروری سفر اور باہر نکلنے سے گریز کریں،گرمی سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات کا استعمال کریں ۔ محکمہ نے مشورہ دیا ہے کہ باہر نکلتے وقت ہلکے رنگ کے سوتی اور ہوا دار کپڑے پہنیں اور سر کو ڈھانپنے کے لیے ٹوپی یا چھتری کا استعمال کریں، شدید گرمی کے اوقات میں بچوں اور بزرگوں کو لازمی طور پر گھروں کے اندر رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے نے سفر کرنے والے افراد کو گاڑی کے ٹائروں کے پریشر اور ریڈی ایٹر میں پانی کی سطح چیک کرنے کا مشورہ دیا ہے جبکہ پانی کی ممکنہ قلت کے پیش نظر شہریوں سے پانی احتیاط سے استعمال کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے پنجاب نے عیدالاضحی کے موقع پر جانوروں کی دیکھ بھال سے متعلق بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق بے زبان پرندوں اور جانوروں کیلئے پانی کے برتن رکھے جائیں، مویشیوں کو وقفے وقفے سے پانی پلایا جائے اور ان پر پانی کا چھڑکائو کیا جائے تاکہ انہیں گرمی سے بچایا جا سکے۔مزید ہدایت کی گئی ہے کہ بکرا منڈیوں میں پینے کے پانی اور عارضی سایہ دار مقامات کا انتظام یقینی بنایا جائے جبکہ قصابوں، مویشی تاجروں اور صفائی کے عملے کو بھی ہیٹ ویو سے بچائو کیلئے خصوصی احتیاط برتنے کی تلقین کی گئی ہے۔ڈی جی عمر جاوید کا کہنا تھا کہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مویشی منڈیوں اور عوامی مقامات پر انسانوں اور جانوروں کیلئے میڈیکل اور ویٹرنری کیمپس قائم کیے جا رہے ہیں۔ترجمان کے مطابق ہیٹ ویو سے متعلق معلومات یا ہنگامی مدد کیلئے شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں