فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)فیصل آباد میں مبینہ پولیس مقابلوں میں تیزی آ گئی’آج پھر مختلف مقامات پر ہونے والے مقابلوں کے دوران دوہرے قتل کیس میں گرفتار ملزم ”نامعلوم افراد” کی فائرنگ سے ہلاک جبکہ ایک منشیات فروش سمیت 6مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں پکڑے گئے ہر پولیس مقابلے کی کہانی ایک جیسی مگر کردار مختلف ہوتے ہیں اس بناء پر سول سوسائٹی ان مقابلوں کو فرضی اور من گھڑت قرار دے رہی ہے۔سول سوسائٹی کا نقطہ اعتراز ہے کہ ”نامعلوم افراد ” کی فائرنگ کی زد میں آ کر صرف اور صرف زیر حراست ملزم ہی کیوں مارے جاتے ہیں اور ”اپنے ساتھیوں” کی گولیوں کا نشانہ ہمیشہ مبینہ چور ‘ ڈاکو اور منشیات ہی کیوں بنتے ہیں۔ موقع پر موجود پولیس ملازمین کس طرح ان گولیوں کی زد میں آنے سے محفوظ رہ جاتے ہیں۔آج ہونے والے ان مبینہ پولیس مقابلوں کی تفصیل کچھ اس طرح سے ہے کہ نامہ نگار ٹھیکری والا کے مطابق ٹھیکری والا پولیس کی زیرِ حراست ملزم عابد ولد یوسف سکنہ 272 ج ب نے چند دن پہلے اپنے بھائی ساجد رضا یوسف اور اپنی بھاوج رضیہ کو اپنے بیٹے صارم اور اپنی بیوی خالدہ کے ساتھ مل کر قتل کر دیا تھاجس پر پولیس نے مرکزی ملزم عابد کو گرفتار کرلیا تھااور پولیس ملزم محمد عابد کو آلہ قتل کی برآمدگی کے لیے لے کر جا رہی تھی کہ سرلی موڑ کے قریب اچانک چھ نامعلوم مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا۔ حملہ آوروں نے مبینہ طور پر ملزم کو چھڑانے کی کوشش کی جس پر پولیس اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے دوران زیرِ حراست ملزم عابد زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیاجبکہ ایس ایچ او تھانہ چک جھمرہ انسپکٹررضوان شوکت بھٹی نے پولیس پارٹی کے ہمراہ اپنے علاقے میں ناکہ لگایا ہوا تھا کہ وہاں سے تین موٹر سائیکل سوار گزرے جنہیں پولیس نے رکنے کا اشارہ کیا مگر ان افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم حسنین علی ولد کرامت علی سکنہ غازی آباد نمبر2زخمی ہو گیا جبکہ اس کے باقی دو ساتھی فرار ہو گئے۔ زخمی ملزم کو پولیس نے قابو کرلیا۔ڈجکوٹ پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس نے ریکارڈ یافتہ ملزم لیاقت عرف بختو کو مبینہ مقابلے کے دوران زخمی حالت میں قابو کرلیا جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہو گئے۔ روشن والا پولیس کے ساتھ بھی مبینہ مقابلے کے دوران مبینہ ڈاکو مہران امجد زخمی حالت میں پکڑا گیا۔کینال روڈ پر رفحان ملز کے نزدیک ایس ایچ او پیپلز کالونی ‘سب انسپکٹر میاں واجد کے ساتھ مبینہ مقابلے کے دوران موٹر سائیکل سوار ڈاکو ساجد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اسکا ساتھی فرار ہو گیا۔ تھانہ رضا آباد کے علاقے ٹائلاں والا قبرستان کے نزدیک ریکارڈ یافتہ منشیات فروش تنویر حسین اپنے ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی ہو گیا جنہیں پولیس نے گرفتارکر لیا۔




