لاہور(بیوروچیف)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت اور مسلسل نگرانی میں صوبہ بھر میں جاری رہنے والا عید صفائی آپریشن اپنی کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت عید کے تین روز کے دوران قربانی کے جانوروں کی 3لاکھ 60ہزار ٹن آلائشیں اور دیگر ویسٹ بروقت ٹھکانے لگایا گیا۔ اس بڑے آپریشن میں 1لاکھ 84ہزار سے زائد ورکرز اور 60ہزار گاڑیاں شریک رہیں، جنہوں نے صوبے کے شہری اور دیہی علاقوں میں بلا تعطل صفائی کے فرائض انجام دیے۔انہوں نے کہا کہ آلائشیں اٹھانے والی گاڑیوں نے مجموعی طور پر 60لاکھ کلومیٹر سے زائد سفر کیا جبکہ لاہور سے اٹک اور ملتان سے رحیم یار خان و صادق آباد تک پنجاب کے تمام اضلاع میں بلا تفریق صفائی آپریشن جاری رکھا گیا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہریوں کو تعفن اور ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لیے عرقِ گلاب، فینائل اور چونے کا وسیع پیمانے پر استعمال کیا گیا۔ صوبے بھر میں تقریباً 4ہزار سڑکوں کو عرقِ گلاب سے دھویا گیا، جس سے صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا گیا۔عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ ستھرا پنجاب کے عملے نے 60ہزار مساجد، امام بارگاہوں اور عیدگاہوں کی صفائی بھی یقینی بنائی جبکہ ستھرا پنجاب ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی 100فیصد شکایات کا بروقت ازالہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے صفائی آپریشن میں غیرمعمولی خدمات انجام دینے والے ستھرا پنجاب کے ورکرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے لیے 10،10ہزار روپے انعام کا اعلان بھی کیا ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عید صفائی آپریشن کی کامیابی پر پنجاب کے شہری اطمینان اور مسرت کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے صفائی مہم میں تعاون کرنے، ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے اور انتظامیہ کے ساتھ بھرپور معاونت پر پنجاب کے عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔




