1ارب کی کرپشن،50کروڑ کی ریکوری ،8ملزمان جیل منتقل

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) FWMC میں ایک ارب روپے کی کرپشن کیس میں گرفتار ہونے والے ملزمان سے 50کروڑ روپے کی ریکوری کر کے انہیں جیل بھجوا دیاگیا۔ تحقیقات کے دوران بہت سارے شرفاء کے چہرے بھی بے نقاب ہوئے جو اس ادارے سے ان افسران کے ساتھ ساتھ باقاعدہ طور پر دیہاڑی لگاتے رہے مگر انہیں ابھی تک کچھ بھی نہیں کہا جا سکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ نواز شریف نے خفیہ ادارے کی رپورٹ پر FWMCمیں ہونے والی کرپشن کا سخت نوٹس لیا اور ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کو اس کی تحقیقات کرنے کی ذمہ داری سونپی۔ جنہوں نے ابتدائی طور پر ستھرا پنجاب ایجنسی فیصل آباد کے ایم ڈی عابد حسین بھٹی کی مدعیت میں 11مئی 2026ء کو تھانہ DACEلاہور میں 409’166′ 468’471ت پ PCA5(2)47کا مقدمہ نمبر23درج کروایا۔ جس میں بتایا گیا کہ نومبر2024ء کو ایف ڈبلیو ایم سی کا ٹھیکہ کیئر سروسز کنسورشیم نے حاصل کیا۔جس نے مذکورہ کمپنی کے کنٹریکٹر رائے قمر زمان اور ایف ڈبلیو ایم سی کے افسران کے سا تھ مل کر اپریل2026ء تک 17ماہ کے دوران ایک ارب روپے سے زائد کی کرپشن کی۔ملزمان نے کنٹینر سروسز ‘منی ڈمپرز’ لوڈر رکشہ’سینٹری ورکرز بوگس حاضریوں کی مد میں تقریباً1ارب روپے سے زائد کی کرپشن کی۔جس پر ایف ڈبلیو ایم سی کے سابق سی ای او محمد رئوف’منیجر آپریشن عبداللہ نذیر باجوہ’ ڈسٹرکٹ منیجر آپریشن حافظ طیب’ منیجر پروکیورمنٹ وقاص ا صغر’ فنانس منیجر احسن ندیم’ ٹرانسپورٹ آفیسر ارشد سلیم انصاری ‘سینٹری انسپکٹر عابد’کیئر سروسز کے رائے قمر زمان نے یہ کرپشن کی جس پر لاہور سے آنے والی اینٹی کرپشن کی ٹیم نے ان 8ملزمان کو قابو کرلیا جن سے تفتیش کی گئی تو ملزمان نے تمام حقائق بتا دیئے۔ دوران تحقیقات ملزمان نہ صرف کرپشن کرنے کا اعتراف کیا بلکہ ان میں سے مرکزی ملزم کیئر سروسز کمپنی کے رائے قمر زمان نے اپنے گھر سے 8کروڑ روپے کا کیش برآمد کروا دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ لاہور ڈیفنس میں واقع اپنے پلاٹ کے کاغذات بھی دے دیئے۔ دیگر ملزمان سے بھی ریکوری کی گئی جن میں کیش کے ساتھ ساتھ گاڑیاں ‘ گھر ‘پلاٹ وغیرہ شامل ہیں۔جن کی مالیت 50کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ اینٹی کرپشن پولیس نے تقریباً نصف ریکوری یعنی 1ارب میں سے 50کروڑ روپے برآمد کرکے ان ملزمان کو جیل بھجوا دیا ہے۔تحقیقات کے دوران بعض موجودہ و سابقہ اراکین اسمبلی اور ان کے چہیتوں کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔ جنہوں نے اس لوٹ مار سے باقاعدہ اپنا حصہ وصول کیامگر حکومت اس بابت خاموش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں