دعوت ولیمہ سے واپسی پر مہمانوں کی بس الٹ گئی،خاتون جاں بحق،35زخمی

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)تھانہ ملت ٹائون میں دعوت ولیمہ سے واپس آنے والے مہمانوں کی بس تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ بس ڈرائیور اور بچوں’ خواتین سمیت 35شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے ارشد علی کی مدعیت میں بس ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ مقدمہ کے مدعی ارشد علی سکنہ 119ج ب رسولپور کے مطابق وہ اپنے فیملی ممبران کے ہمراہ بس نمبر446ٹی اے جے میں سوارہو کر مذہبی والا گائوں میں دعوت ولیمہ میں شرکت کرنے کے لئے گئے یہاں سے واپسی پر مکھن والا پل کے نزدیک بس ڈرائیور ابوبکر کی مجرمانہ غفلت اور تیز رفتاری کے باعث بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں بس سوار تمام افراد شدید زخمی ہو گئے۔ ان میں فرزانہ بی بی زوجہ اکبر علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی چل بسی۔دیگر زخمیوں میں توصیف’ سائفہ بی بی ‘مریم گلزار’ زرینہ’ زینب’ عابد’ افشاں’ زاہد’ صائم’ عدنان’ کاشف’ سمیرا ‘ راشدہ’ ارحہ’ عنایہ’ عبداللہ’ زمل’ رخشندہ’ علی ‘ صبا’ زنیرہ’ عمانیل’ تنویر’ صابر ‘ بلال’ حسن’ ساجدہ’ زوہا’ توقیر’ ثریا زخمی ہو گئے۔ بس ڈرائیور ابوبکر بھی شدید زخمی ہو کر ہسپتال پہنچ گیا۔ پولیس نے بس قبضہ میں لے کر زخمی ڈرائیور کی گرفتاری ڈال دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں