فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر عوامی مسائل کے تیز رفتار حل کے لئے موثر اقدامات جاری ہیں۔اس ضمن میں چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب شکایت سیل صائمہ فاروق نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم آرٹس کونسل میں پر ہجوم کھلی کچہری میں عوامی مسائل سنے۔کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں،آرپی او سہیل اختر سکھیرا،ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر،سی پی او کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز،اسسٹنٹ کمشنرز،ایف ڈی اے،پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسی،ستھرا پنجاب اتھارٹی،پیرا فورس،پولیس افسران، واسا، میونسپل کارپوریشن کے افسران موجود تھے۔کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے محکمہ مال،پولیس،صفائی ستھرائی،سیوریج سے متعلقہ مسائل کی نشاندہی کی۔چیئرپرسن وزیر اعلیٰ شکایت سیل نے درخواست گزار شہریوں سے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر فیصل آباد کا دورہ کرکے عوامی مسائل سنے جن کے تیز رفتار حل کے لئے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ہدایات جاری کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور کھلی کچہریاں لگا کر ان کے مسائل سن کر حل کرنا اولین ترجیح ہے۔




