فیفا ورلڈ کپ’ امریکہ کا ایرانی وفد کوویزے دینے سے انکار

انطالیہ (سپورٹس نیوز) فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آغاز سے قبل امریکا نے ایران کے وفد کے15ارکان کو ویزے جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے باعث ایرانی انتظامی وفد کو مشکلات کا سامنا ہے خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن نے رپورٹ کیا ہے کہ قومی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو ویزے جاری کر دیے گئے ہیں، تاہم انتظامیہ اور مینجمنٹ سے تعلق رکھنے والے 15 ارکان کے ویزوں کا معاملہ تاحال حل نہیں ہو سکا۔ترکیے کے شہر انطالیہ میں موجود ایرانی ٹیم کے تربیتی کیمپ سے سرکاری ٹی وی کے نمائندے نے بتایا کہ کھلاڑیوں اور تکنیکی عملے کے سفری دستاویزات مکمل ہیں لیکن وفد کے بعض انتظامی ارکان کو امریکی ویزے جاری نہیں کیے گئے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران کی قومی ٹیم ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ ایران کے گروپ مرحلے کے تمام میچز امریکا میں شیڈول ہیں جبکہ ٹیم کا بیس کیمپ میکسیکو میں قائم کیا گیا ہے۔فیفا ورلڈ کپ 2026 کا انعقاد مشترکہ طور پر امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں کیا جا رہا ہے۔تاحال امریکی حکام کی جانب سے ویزوں کے اجرا میں تاخیر یا انکار کی وجوہات کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں