فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان کے دوسرے بڑے صنعتی شہر فیصل آباد کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت میں انتہائی ناقص میٹریل کا استعمال’خزانے کو بھاری نقصان’ تاہم میونسپل کارپوریشن کے کرپٹ عملے اور ٹھیکیداروں کی موجیں۔ ایڈمنسٹریٹرMCFمحترمہ مسرت جبیں کی کارکردگی اور نیک نامی پر انگلیاں اٹھنے لگیں۔ ڈویژنل کمشنر کو اپنی ساکھ بچانے کے لئے اس کرپٹ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرنا ہو گی۔تفصیلات کے مطابق جب سے محترمہ مسرت جبیں ڈویژنل کمشنر فیصل آباد اور ایڈمنسٹریٹرMCFکا چارج سنبھالا ہے تب سے میونسپل کارپوریشن کا عملہ شطر بے مہارہو چکا ہے۔شہر کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت میں ناقص میٹریل کا استعمال کیا جا رہا ہے۔چھوٹی ڈی گرائونڈ کی رابطہ سڑک(منج روڈ)کی تعمیر بھی انتہائی ناقص ہوئی۔ جس پر سابق کمشنر راجہ جہانگیر انور نے سخت نوٹس لیا تھا۔اس کے بعد موجودہ کمشنر محترمہ مسرت جبیں نے بھی ایکشن لیا اور اس سڑک کو دوبارہ تعمیر کرنے کا حکم دیا مگر میونسپل کارپوریشن کے کرپٹ ٹولے نے ان احکامات کو ہوا میں اڑا دیا۔ گزشتہ روز ڈیلی بزنس رپورٹ میں حسیب شہید کالونی کی مین سڑک کی نامکمل تعمیر نشاندہی کی تو ڈویژنل کمشنر /ایڈمنسٹریٹر میونسپپل کارپوریشن محترمہ مسرت جبیں نے سخت ایکشن لیا اور مذکورہ ٹھیکیدارکو بلیک لسٹ کرنے کا حکم دیا۔اس سڑک کی تعمیر کا کام چھ ماہ قبل شروع کیا گیا لیکن ٹھیکیدار نے سڑک پر پتھر پھینک دیئے اور تعمیر مکمل نہ کی۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ٹھیکیدار نے اس سڑک کا ورک آرڑ ر28فیصد کم ریٹ پر حاصل کیا تھا۔عبداللہ پور اور طارق آباد اوور برجزکی تعمیر میں بھی ناقص میٹریل استعمال کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لائٹ برانچ کے عملے نے پاکستان کے مانچسٹر کو اندھیروں میں ڈبودیا ہے رات کے وقت آدھے سے زائد شہر کی سٹریٹ لائٹس بند رہتی ہیں۔ کوئی کسی کو پوچھنے والا نہیں۔میونسپل کارپوریشن کے سی او محمد عثمان بھی اس کرپٹ مافیا کے سامنے بے بس نظر آرہے ہیں۔




