شدید طوفان اور بارش’ چھتیں’ دیواریںگرنے سے اڑھائی سالہ بچی جاں بحق’ درجن بھر افراد زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں شدید طوفان اور بارش کے دوران گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں اڑھائی سالہ بچی جاں بحق جبکہ درجن بھر مرد وخواتین ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئے، فیسکو کے 400 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے’ شہر کے اکثر علاقوں کی بجلی بند’ ابھی تک متعدد علاقوں کی بجلی بحال نہ ہو سکی جبکہ محکمہ واسا کی ٹیمیں متحرک’ مین شاہراہوں اور چوراہوں سے بارشی پانی نکال دیا۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ شام فیصل آباد میں شدید طوفانی بارش کے دوران محلہ غازی آباد گلی نمبر5 میں مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر محمد عمر کی اڑھائی سالہ بیٹی عزا فاطمہ زندگی کی بازی ہار گئی’ والد’ والدہ شکیلہ بانو’ بھائی صفدر اور ارم بی بی زخمی ہو گئیں۔ علامہ اقبال منڈی موڑ پر بھی گھر کی دیوار گرنے سے نوجوان اسد زخمی’ جھمرہ روڈ پر مہندی محلہ پھاٹک کے قریب گھر کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 3خواتین زخمی ہو گئیں’ ڈھڈی والا کے علاقہ عمر ٹائون میں مکان کا پردہ گرنے سے زبیر نامی نوجوان زخمی ہو گیا’ جڑانوالہ کے علاقہ محمد پورہ میں گھر کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 3افراد زخمی ہو گئے۔ کینال روڈ پر چلتی گاڑی پر درخت گرنے سے گاڑی تباہ جبکہ سوار افراد محفوظ رہے اور ستیانہ روڈ سمیت کئی علاقوں میں آہنی جنگلے اور بل بورڈز بھی گر گئے، ریسکیو ٹیموں 1122 نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال پہنچایا جبکہ طوفان اور بارش شروع فیسکو کی کارکردگی کا پول کھل گیا، 400 سے زائد فیڈر ٹرپ گئے شہر بھر کے اکثر علاقوں کی بجلی بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا’ بارش تھم جانے کے باوجود بجلی کی سپلائی بحال نہ ہو سکی اور شہر کے کئی علاقوں میں ابھی تک بجلی بند ہے جبکہ طوفان اور بارش کے دوران ایم ڈی واسا ثاقب رضا کی ہدایت پر فیلڈ سٹاف پونڈنگ پوائنٹس پر پہنچ گیا اور تمام مشینری کو فنکشنل کر دیا اور بارش کے بعد مرکزی شاہراہوں اور چوراہوں سے بارشی پانی کا نکاس مکمل کر دیا جبکہ نشیبی علاقوں میں نکاسی کا کام جاری ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ شام سب سے زیادہ بارش غلام محمد آباد میں 25 ملی میٹر’ جیل روڈ پر 24′ گلستان کالونی میں 24′ علامہ اقبال کالونی میں 23′ مدینہ ٹائون میں 22 اور ڈوگر بستی میں 21 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں