اسلام آباد(بیوروچیف) آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں سال 2022 اور 2025 کے دوایڈہاک الاونس ضم کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ سکیل ایک سے22تک کے ملازمین کو ڈسپیریٹی ریڈکشن الاونس 2026 بنیادی تنخواہ کا 15فیصد ملے گا۔ سرکاری ملازمین کے کنوینس الاونس میں 50 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ معذور ملازمین کے خصوصی کنوینس الاونس کو 10ہزار روپے کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، تمام ریلیف اقدامات یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوں گے۔نئی بنیادی تنخواہ پر 7 فیصد اضافہ کیا جائے گا جب کہ بنیادی پے اسکیل 2022 کے مطابق ہی برقرار رکھا جائے گا، نیا پے اسکیل ریوائز نہیں ہوگا، وفاقی سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں دو سال کے ایڈہاک الاونس ضم کیے جائیں گے، مالی سال 2022 میں 15فیصد ایڈہاک الاونس دیا گیا تھا جب کہ مالی سال 2025 میں 10فیصد ایڈہاک الاونس دیا گیا تھا ان دونوں ایڈہاک الاونس کو بنیادی تنخواہ میں ضم کیا جائے گا، نئی بنیادی تنخواہ پر 7 فیصد اضافہ ہوگا تاہم بنیادی پے اسکیل 2022 کے مطابق ہی برقرار رہے گا۔




