پنجاب میں بھی تنخواہوں میں 7فیصد اضافہ

اسلام آباد (بیوروچیف) وزیر خزانہ پنجاب شجاع الرحمان نے پنجاب کا5ہزار903ارب روپے سے زائد کا بجٹ پیش کردیا۔صوبائی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد اور پنشن میں ساڑھے 3فیصد اضافے کی تجویز دی گئی۔لیپ ٹاپ اسکیم کے لیے 27 ارب روپے، ہونہار اسکالر شپ پروگرام کے لیے 15 ارب روپے مختص کر دیے گئے۔ بجٹ میں صوبائی آمدن کا ہدف 1209 ارب روپے مقرر کیاگیا، صوبے کے ترقیاتی امور کے لیے 752 ارب روپے، تعلیمی شعبے کے لیے 750 ارب روپے مختص کیے گئے۔وزیر خزانہ پنجاب شجاع الرحمان نے کہا کہ شعبہ صحت کے لیے مجموعی بجٹ کا 10فیصد رکھاگیا ہے، پنجاب میں ڈیجیٹل سہولتوں کی فراہمی اور جدید تعلیم کا فروغ یقینی بنایا جائے گا۔اس سے پہلے پنجاب کابینہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دعویٰ کیاکہ وفاقی حکومت کو دفاع اور دیگر معاملات میں پنجاب نے سب سے زیادہ شیئر دیا۔ بجٹ منظوری کے بعد پنجاب کابینہ اجلاس سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی ترقی کے سفر پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا، عوام کے ریلیف اور خدمت کا سفر پہلے کی طرح جاری رہیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں