اسلام آباد(بیوروچیف) بجلی صارفین کے لیے بری خبر ہے کہ سی پی پی اے کی جانب سے فی یونٹ قیمت میں اضافے کی درخواست دی گئی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق ملک بھر میں بجلی کے نرخوں میں 82پیسے فی یونٹ اضافے کے لیے سی پی پی اے کی باضابطہ درخواست نیپرا میں جمع کروا دی گئی ہے۔سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جانب سے دائر کردہ یہ درخواست مئی کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جمع کرائی گئی ہے۔ نیپرا اس درخواست پر باقاعدہ سماعت 30 جون کو کرے گا، جس میں تکنیکی جائزے کے بعد قیمتوں میں اضافے یا برقرار رکھنے کا حتمی فیصلہ متوقع ہے۔سی پی پی اے نے اپنے موقف میں واضح کیا ہے کہ مئی کے مہینے کے دوران بجلی کی پیداوار پر اوسط فیول لاگت 9 روپے 25 پیسے فی یونٹ رہی ہے۔اگر نیپرا کی جانب سے اس درخواست کو منظور کر لیا جاتا ہے تو ملک بھر کے بجلی صارفین پر 12 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔




