فتنہ الخوارج کادہشت گرد گرفتار

کراچی (بیوروچیف) کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹائون میں کارروائی کرتے ہوئے رینجرز نے فتنہ الخوارج کے مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔ترجمان رینجرز نے بتایا ہے کہ گرفتار دہشت گرد جاوید علی خان عرف سواتی سوات کا رہائشی ہے، جو 2007 کے دوران فتنہ الخوارج کے فضل اللہ گروپ میں شامل ہوا تھا۔ترجمان نے بتایا ہے کہ دہشت گرد نے شکر درہ، شکر ڈیری میں اسکولوں اور پولیس چوکی کو آئی ای ڈی سے تباہ کیا، وہ تھانہ مٹہ پر حملہ کر کے سرکاری اسلحہ لوٹنے اور تھانے کو آگ لگانے میں بھی ملوث ہے۔ترجمان رینجرز نے بتایا ہے کہ 2008 میں آپریشن کے دوران دہشت گرد مینگورہ میں روپوش رہا اور بیرونِ ملک فرار ہو گیا، 2022 میں اس نے واپس آ کر دوبارہ دہشت گردی کی کارروائیاں شروع کیں، اس کے حملے میں 3 شہری جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے۔رینجر کے ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ سوات میں کارروائی کے بعد دہشت گرد روپوشی کے لیے کراچی منتقل ہوا، جو مزید کارروائیوں کے لیے یہاں نیٹ ورک منظم کر رہا تھا۔ترجمان رینجرز نے یہ بھی بتایا ہے کہ دہشت گرد جاوید علی خان عرف سواتی سی ٹی ڈی سوات کو مطلوب تھا، جسے سی ٹی ڈی سوات کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں