اسلام آباد’لاہور(بیوروچیف) ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد مٹی کا تیل بھی سستاہوگیاوفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تسلسل کے ساتھ کمی کرتے ہوئے مٹی کے تیل کے نرخوں میں بھی نمایاں ریلیف فراہم کر دیا ہے۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 48 روپے 29 پیسے کی بڑی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اب یہ 233 روپے 90 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہے۔قیمتوں میں یہ کمی فوری طور پر نافذ العمل ہو چکی ہے۔اس سے قبل مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 282 روپے 19 پیسے مقرر تھی، جس میں حالیہ کمی کے بعد عوام کو براہ راست مالی فائدہ پہنچے گا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔علاوہ ازیںپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا ریلیف عوام تک پہنچنا شروع ہو گیا، پبلک ٹرانسپورٹ آپریٹرز نے مختلف شہروں کے کرایوں میں ریکارڈ کمی کا اعلان کر دیا ہے۔پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے کرایوں میں 15 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے، جبکہ مختلف شہروں کو جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی 1900 روپے تک کمی کر دی گئی ہے۔کرایوں میں کمی کے حوالے سے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی لاہور رانا محسن کی زیر صدارت ٹرانسپورٹرز کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی پر اتفاق کیا گیا۔




