ایک دن کی اضافی تعطیل ختم

اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی حکومت نے فیول بچت اور کفایت شعاری سے متعلق متعدد اقدامات واپس لیتے ہوئے سرکاری اداروں میں معمول کے انتظامی امور بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔کابینہ ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری محکموں میں ایک دن کی اضافی تعطیل ختم کر دی گئی ہے اور اب تمام اداروں میں چار کے بجائے پانچ روزہ ورکنگ ویک بحال کر دیا گیا ہے۔حکومت نے سرکاری گاڑیوں کے لیے ایندھن کی فراہمی میں کی گئی 50 فیصد کٹوتی بھی واپس لے لی ہے، جبکہ مختلف محکموں کی 60 فیصد گاڑیوں کی بندش کا فیصلہ بھی ختم کر دیا گیا ہے۔اسی طرح گریڈ 20 اور اس سے زائد کے افسران کی تنخواہوں سے دو روزہ کٹوتی کی شرط بھی واپس لے لی گئی ہے۔ تمام سرکاری محکموں کے اخراجات میں 20 فیصد کمی کا سابقہ فیصلہ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی و صوبائی وزرا، مشیروں، معاونینِ خصوصی اور گورنرز کے بیرون ملک سرکاری دوروں پر عائد پابندی بھی ختم کر دی گئی ہے۔مزید برآں، سرکاری اور نجی شعبے میں صرف 50 فیصد عملے کے ساتھ کام کرنے کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے، جس کے بعد ادارے معمول کے مطابق مکمل افرادی قوت کے ساتھ کام کر سکیں گے۔حکومت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلے موجودہ انتظامی ضروریات اور معمولاتِ زندگی و کاروبار کی مکمل بحالی کے پیشِ نظر کیے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں