واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستانی فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاکستان کے وزیراعظم عظیم ہیں، پاکستانی رہنمائوں نے ایران سے ڈیل میں بہت مدد دی۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایک بار پھر پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کی گئی ہے۔صدر ٹرمپ نے امریکی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر عظیم آدمی ہیں اور پاکستان کے وزیراعظم بھی عظیم ہیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اپنے وزیراعظم کا مکمل احترام کرتے ہیں جو بہت خوبصورت بات ہے۔ٹرمپ نے کہا کہ پاکستانی رہنمائوں نے ایران سے ڈیل میں بہت مدد دی، پاکستانی قیادت ایرانی قیادت اور ایرانی قوم کو جانتی تھی۔بعد ازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چینی صدر سمتبر میں امریکا کا دورہ کریں گے، ایران کے معاملے میں چین نے بھی اہم کردار اداکیا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چین ایران سے اپنی ضروریات کا 50فیصد تیل خریدتا ہے۔ اسرائیل کے ساتھ امریکا کے بہترین تعلقات ہیں۔اس کے علاوہ صدر ٹرمپ نے کہا کہ رواں سال کسی وقت دوبارہ چین جائوں گا۔دریں ثناء ۔واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) معرکہ حق میں بھارت کیخلاف دفاعی کامیابی اورایران امریکا کشیدگی میں نتیجہ خیزثالثی نے دنیا بھر میں پاکستان کو ایک نئی پہچان دلا دی۔ امریکی میڈیا کیمطابق بھارت واشنگٹن سے تعلقات بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف جبکہ پاکستان پہلے ہی اپنا سفارتی لوہا منوا چکاہے۔ جی7سمٹ میں امریکی صدراوربھارتی وزیراعظم کی ملاقات روایتی گرمجوشی کے بجائے صرف مصافحہ تک محدود رہی، ذرائع کے مطابق دونوں رہنمائوں کی ملاقات بظاہرتودوستانہ تھی مگراس کے تناظرمیں کشیدگی نمایاں تھی۔ بھارت کئی سال تک پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے کی کوشش کرتا رہا جبکہ پاکستان خطہ اورعالمی سطح پر ایک اہم ترین ملک بن کر ابھرا۔ بھارتی صحافی سریند ساگر کا کہنا تھا کہ بھارتی تجزیہ کاروں کے مطابق دنیا اب امن کیلئے بھارت کے بجائے پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے جو مودی کی ناکامی ہے۔ معروف بھارتی تجزیہ کار آنند رنگناتھن نے بھارتی سفارتکاری کی ناکامی کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کوشش کررہا ہے کہ اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے، بھارت کو اپنی پالیسی تبدیل کرنیکی ضرورت ہے۔ بھارتی تجزیہ کاروں کی مایوسی ظاہرکرتی ہے کہ بھارت مودی راج میں اپنی خارجہ پالیسی کے ناکام ترین دورسے گزررہا ہے۔




