اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان پیپلز پار ٹی کی چیئرپرسن سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کا 73واں یوم پیدائش آج منایا جائے گا،اس سلسلے میں ملک بھر میں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام سالگرہ تقریبات منعقد ہوں گی۔ سالگرہ کی تقریبات ہوں گی جن میں کیک کاٹیں جائیں گے اور بے نظیر بھٹو کی سیاسی وملکی خدمات پرروشنی ڈالی جائے گی ، یومِ پیدائش پر صدر پاکستان آصف علی زرداری نے پیغام میں کہا کہ آج شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 73ویں یومِ پیدائش کے موقع پر پوری قوم ایک ایسی رہنما کو یاد کر رہی ہے جن کی جرأت، سیاسی بصیرت اور جمہوریت سے وابستگی نے پاکستان کی تاریخ پر ایک گہرا اثر چھوڑا ہے ۔ دریں ثناء ۔لاہور(بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیربھٹو شہید کی 73ویں سالگرہ پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلی مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید جمہوریت اور سیاسی استحکامات کی علامت تھیں۔انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے سیاست میں خواتین کی شرکت یقینی بنانے کے لئے بھرپور کردار ادا کیا۔مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی جرات اور جمہوریت سے وابستگی بے مثال تھی، محترمہ بے نظیر بھٹو شہید پاکستان کی سیاسی تاریخ کی نمایاں شخصیات میں شامل ہیں۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے موسیقی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ خوشی ہو یا غم، جدائی ہو یا وصال، موسیقی ہر کیفیت کو بیان کرنے پر قادر ہے، پاکستانی فنکاروں نے مشرقی موسیقی کو بین الاقوامی شناخت دی۔ انہوں نے کہا کہ وزارتِ اطلاعات و ثقافت الحمرا آرٹس کونسل کے تحت نوجوان فنکاروں کی تربیت اور معاونت کی جا رہی ہیں۔مریم نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ فن اور موسیقی کے لئے آرٹسٹ فنڈ کے ذریعے نادار فنکاروں کی مالی معاونت جاری ہے، موسیقی امن کا سفیر بن کر محبت اور امن کے پیغام کو سرحدوں کے پار پہنچاتی ہے۔




