محرم الحرام میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے،کمشنر ،آر پی او

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ڈویژن کے چاروں اضلاع میں عشرہ محرم الحرام کے جامع سکیورٹی پلان پر موثر انداز میں عملدرآمد جاری ہے۔یہ بات ڈویژنل کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے آرپی او سہیل اختر سکھیرا کے ہمراہ کمشنر آفس میں میڈیا نمائندگان کو انتظامی وحفاظتی اقدامات پر عملدرآمد بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔کمشنر نے بتایا کہ ڈویژن بھر میں محرم الحرام کے جلوس کے روٹس اور مجالس کے مقامات پر تمام تر انتظامات کی مکمل نگرانی جاری ہے اور وہ آرپی او اور ضلعی انتظامیہ و پولیس کے ہمراہ وزٹس کرکے تمام تر انتظامات کو باریک بینی سے دیکھ رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ محرم الحرام کے باقی ایام کے لئے بھی ٹریفک کا متبادل پلان تیار اور ان کی تشہیر کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جلوسوں کے روٹس پر تمام محکموں کے افسران ڈیوٹیز پر موجود ہیں،میٹھے ٹھنڈے پانی کی سبلیں لگائی جبکہ میڈیکل کیمپس بھی قائم ہیں۔کمشنر نے بتایا کہ معمولی سے معمولی شکایت کا بھی فی الفور ازالہ کیا جارہاہے۔انہوں نے بتایا کہ امن کمیٹیز کے ارکان سے قریبی رابطہ ہے اورجلوسوں کے منتظمین انتظامات سے مطمئن ہیں۔انہوں نے کہا کہ اخوت،رواداری اور بھائی چارہ کے فروغ کے لئے اقدامات جاری ہیں۔میڈیا نمائندگان کی طرف سے نشاندہی کردہ پوائنٹس پر فوری ایکشن لیا جارہا ہے۔ عشرہ محرم کے باقی ماندہ ایام اور فلیش پوائنٹس کے لئے سخت سکیورٹی اقدامات کئے گئے ہیں۔آرپی او نے سکیورٹی اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ امن کا قیام اولین ترجیح ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں