پنجاب نے وفاق کو سب سے زیادہ مالی شیئر دیا’عظمیٰ بخاری

لاہور (بیوروچیف) پنجاب اسمبلی میں بجٹ پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ جدید اور ماحول دوست الیکٹرک بسیں متعارف کرائی گئی ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں 125الیکٹرک بسیں فراہم کی جا چکی ہیں، جن میں سے 106 بسیں آپریشنل ہیں جبکہ مزید 155 بسیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان میں 24، بہاولپور میں 22 اور رحیم یار خان میں 18 الیکٹرک بسیں شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔عظمی بخاری کے مطابق ”اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے تحت دو لاکھ سے زائد افراد مستفید ہو چکے ہیں جبکہ جنوبی پنجاب میں 49 ہزار 150 مستحقین کو ہائوسنگ لون جاری کیے جا چکے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے 11 اضلاع سے 3 لاکھ 76 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں اور ہزاروں خاندان اپنے گھروں کی تعمیر کیلئے قرض حاصل کر چکے ہیں۔وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ گرین ٹریکٹر پروگرام کے تحت 21 ہزار کسانوں کو ٹریکٹر فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ تیسرے مرحلے میں یہ ہدف 31 ہزار تک بڑھا دیا گیا ہے، اس کے علاوہ 5 ہزار کسانوں کو سپر سیڈر اور 8 ہزار ٹیوب ویلز کو سولرائزیشن کی سہولت دی جا چکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایک لاکھ طلبہ کو لیپ ٹاپ اور 80 ہزار طلبہ کو وظائف دیے جا چکے ہیں جبکہ جنوبی پنجاب کے طلبہ میں 8 ہزار 444 بائیکس تقسیم کی گئیں جن میں 2 ہزار 301 طالبات اور 6 ہزار 143 طلبہ شامل ہیں۔ عظمیٰ بخاری کے مطابق جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کیلئے 33 ہزار 4 وظائف مختص کیے گئے ہیں اور پنجاب نے وفاق کو سب سے زیادہ مالی شیئر دینے کے باوجود کسی ترقیاتی منصوبے کو نہیں روکا، جبکہ صوبائی حکومت نے مسلسل تیسرا سرپلس بجٹ پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں