ایرانی صدر کے دورہ پاکستان میں اہم امور پر بات چیت متوقع

اسلام آباد (بیوروچیف) ایران کے صدر مسعود پزشکیان آج پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ہو رہا ہے، جس کے دوران ایرانی صدر ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ترجمان کے مطابق صدر پزشکیان اپنے دورے کے دوران صدرِ پاکستان، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقاتیں کریں گے،ان ملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں کا جامع جائزہ لیں گے، جبکہ تجارت، توانائی، سرحدی سلامتی اور عوامی سطح کے روابط کے فروغ کے لیے تعاون بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی،اس کے علاوہ علاقائی رابطہ کاری اور عالمی امور پر بھی مشاورت ہوگی۔ ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے بعد ہونے والی سفارتی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جائے گا،پاکستانی اور ایرانی قیادت خطے میں امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر بھی گفتگو کرے گی۔ دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ایرانی صدر کا یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی عکاسی کرتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ واضح رہے کہ صدر مسعود پزشکیان بطور صدر ایران دوسری مرتبہ پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں