ٹیکس چوری پر زیرو ٹالرنس ‘جعلی رسیدیں دینے اور سیلز ٹیکس چھپانے پر سخت کارروائی ہوگی

لاہور (بیوروچیف) پنجاب حکومت نے ٹیکس چوری کے خلاف بڑا ایکشن لیتے ہوئے میرج ہالز اور ریسٹورنٹس کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا فیصلہ کر لیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی زیرصدارت پنجاب ریونیو سے متعلق اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، جس میں ٹیکس وصولی کے نظام کو ڈیجیٹل اور شفاف بنانے پر زور دیا گیا۔ پنجاب حکومت نے میرج ہالز، مارکیز، فارم ہائوسز اور بڑے فوڈ چینز کی مانیٹرنگ کے لیے جدید کیمرہ سسٹم نصب کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس میں بتایاگیاکہ بعض ریسٹورنٹس میں کیش کی بجائے ڈیجیٹل ادائیگیوں کو لازمی بنانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے، جبکہ جعلی رسیدیں جاری کرنے اور سیلز چھپانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ٹیکس چوری پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائیگی، اور جدید کیمرہ سسٹم کے ذریعے نگرانی سے ٹیکس نظام کو مزید موثر بنایا جائیگا، ڈیجیٹل سسٹم نہ صرف نگرانی کرے گا بلکہ ٹیکس چوری کی نشاندہی میں بھی مدد دے گا۔ اجلاس میں مالی سال 2026-27 کے لیے 528.5 ارب روپے کا ریونیو ہدف مقرر کیا گیا، جبکہ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کی وصولی 250ارب سے بڑھ کر 346ارب روپے تک پہنچ چکی ہے، جس میں 38فیصد اضافہ ریکارڈکیا گیا۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی کا دائرہ کار 10سے بڑھا کر 26اضلاع تک وسیع کر دیا گیا ہے، جبکہ ادارے میں انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن، ٹیکس پیئر آڈٹ اور لیگل ونگ بھی قائم کیے جا چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پی آر اے کو جدید ٹیکنالوجی سیلیس کیا جائے، انفورسمنٹ اور انسانی وسائل میں اضافہ کیا جائے، اور ٹیکس آگاہی کے لیے میڈیا ونگ کو مزید فعال بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں