100سال سے تیار کیا جانیوالا تعزیہ عقیدت مندوں کی توجہ کا مرکز بن گیا

جڑانوالہ(نامہ نگار) 100سال سے قریشی خاندان کی شہدائے کربلا سے عقید ت و محبت کا شاہکار قیمتی پتھروں،سونے چاندی کی دھات سے تیار 20فٹ اونچا تعزیے کی زیارت کرنے کیلئے ملک بھر سے عقید ت مند وریام نگر پہنچ گئے’ 7ویں محرم کوقریشی خاندان اپنے آبائو اجداد کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے خصوصی طور پر شہزادہ قاسم ، سمیت شہدائے کربلا کو سلام عقیدت پیش کرتا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح محرم الحرام جڑانوالہ میں بھی عقید ت و احترام سے منایا جا رہا ہے،جڑانوالہ میں بھی 100 سال سے محلہ وریام نگر میں قیام پذیر قریشی خاندان شہدائے کربلا سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی نایاب پتھروں,سونے چاندی کی دھات سے 20 فٹ اونچا تعزیہ،جھولا اور علم تیار کرتا ہے جو کہ ساتویں محرم الحرام کو زیارت کیلئے نکالا جاتا ہے۔ قریشی خاندان کے افراد بارگاہ درِ زہرا محلہ وریام نگر نے تعزیے کی تیاری کے دوران بتایا کہ ہمارا خاندان سو سال سے قیمتی پتھروں سونے چاندی کی دھات سے 20 فٹ اونچا تعزیہ تیار کر رہا ہے۔جس کی زیارت کیلئے دور دراز علاقوں سے سینکڑوں عقیدت مند آتے ہیں۔اور اپنی منتیں مرادیں پوری ہونے پر شہدائے کربلا کو سلام پیش کرتے ہیں۔تعزیے کی تیاری یکم محرم سے شروع کی جاتی ہے انہوں نے کہا کہ محرم ہمیں ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے۔شہدائے کربلا نے دین کی سربلندی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے لازوال مثال قائم کی ہیں قابل ذکر امر یہ ہے کہ محلہ وریام نگر میں قریشی خاندان ڈیڑھ سو سے زائد گھروں میں قیام پذیر ہے اور سو سے زائد افراد بیرون ملک میں قیام پذیر ہیں جو اپنی منتیں مرادیں پوری ہونے پر وہاں سے قیمتی و نایاب پتھر اور چاندی و سونے کی دھاتیں بھجواتے ہیں۔جس سے قریشی خاندان اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اپنے فن کشیدہ کاری سے تعزیہ جھولا اور علم تیار کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں