راولپنڈی(بیوروچیف)بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی2اہم کارروائیوں میں فتن الہندوستان کے 8دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں25اور26جون کو انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر دوو تیز رفتار کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ گروہ فتن الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق 25 جون کو ضلع خاران میں دہشت گردوں کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کی خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔ موثر اور مہارت سے کیے گئے اس آپریشن کے نتیجے میں بھارتی پراکسی فتن الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 26 جون کو ضلع مستونگ میں ممکنہ خودکش بمبار کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا اور کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا ، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد خودکش بمبار سمیت 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔سیکیورٹی فورسز کی ان کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) اور ان کے زیر استعمال موٹرسائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔بیان کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی انسداد دہشت گردی مہم پوری شدت سے جاری رکھیں گے۔




