ٹرین کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق،مزدا ٹرک نے موٹر سائیکل سوار کو کچل ڈالا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ٹرین کی زد میں آ کر نوجوان جبکہ تیز رفتار مزدا ٹرک کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار لقمہ اجل بن گیا، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق تھانہ ٹھیکری والا کے علاقہ سرشمیر پھاٹک کے قریب نوجوان آفتاب پٹڑی عبور کر رہا تھا کہ کراچی سے آنیوالی تیز رفتار ٹرین کی ٹکر لگنے سے زندگی کی بازی ہار گیا۔ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی۔ جبکہ تاندلیانوالہ کے علاقہ شیرازہ پتن کے قریب عمر حیات ولد احمد علی موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ عقب سے آنیوالے تیز رفتار مزدا ٹرک کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گیا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے حادثہ کے مرتکب مزدا ٹرک ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں