فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بٹالہ کالونی پولیس نے حسد کی بنا پر ساتھی طالب علم کو قتل کرنے والے مدرسہ کے دو طالب علموں کو گرفتار کر لیا’ نعش گھر پہنچنے پر علاقہ میں کہرام مچ گیا، والدین غم سے نڈھال’ ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔ تفصیل کے مطابق 237 گ ب کی رہائشی سونیا بی بی کے دو بیٹے محمد شعیب اور عبداﷲ بوٹا چوک میں واقع مدرسہ محمدیہ رضویہ میں حفظ قرآن کی تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ محمد شعیب ہونہار طالب علم ہونے اور لائق ہونے پر قاری رفاقت ترجیح دیتے تو اس کے دو ساتھی ریحان اور عرفان کو اس بات کا رنج تھا۔ 28جون کو مذکورہ طالب علموں نے ساتھی طالب علم محمد شعیب کو رات سوتے میں گلا دبا کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور اندھیرے میں نعش بورے میں ڈال کر ستیانہ روڈ پر واقع گندے نالے میں پھینک دی۔ شعیب کے نہ ملنے پر اسکے بھائی عبداﷲ نے والدہ کو بتایا۔ بٹالہ کالونی پولیس نے اغواء کا مقدمہ درج کر کے تلاش شروع کر دی۔ تاہم مدرسہ کے طالب علموں نے قاری رفاقت پر قتل کا الزام عائد کر دیا۔ ایس ایچ او بٹالہ کالونی ظہیر اختر نے صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے قاری رفاقت اور ساتھی طالب علموں ریحان اور عرفان کو حراست میں لیکر بازپرس کی تو طالب علموں نے اعتراف جرم کرتے ہوئے گندے نالے سے طالب علم شعیب کی نعش برآمد کروا دی۔ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔




