دہشت گردوں سے مقابلہ،9اہلکار شہید،15دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ(نامہ نگار) بلوچستان کے سیاحتی ضلع زیارت کے علاقے کاچ مانگی فیز تھری میں دہشت گردوں کے حملے میں دو ایس ایچ اوز سمیت بلوچستان پولیس کے 9افسران و اہلکار شہید ہوگئے۔حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کلیئرنس آپریشن مکمل کرتے ہوئے 15 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ایس پی زیارت عبدالقدوس دہوار کے مطابق دہشت گردوں نے کاچ مانگی فیز تھری میں ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او تھانہ مانگی محمد حسین، ایس ایچ او تھانہ کواس صحبت خان سمیت 9 پولیس افسران و اہلکار شہید ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ حملے کے بعد دہشت گرد چند مقامی افراد کو بھی اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے، تاہم اغوا ہونے والے پانچ افراد دہشت گردوں کے چنگل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ایس پی زیارت کے مطابق پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان گزشتہ رات سے شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، جبکہ شہدا کی میتیں ڈی ایچ کیو اسپتال زیارت منتقل کر دی گئی ہیں۔معاون وزیر اعلی بلوچستان شاہد رند نے بتایا کہ زیارت میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز، بلوچستان پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مشترکہ کلیئرنس آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا، جس میں 15 دہشت گرد مارے گئے۔شاہد رند کے مطابق حملے میں بلوچستان پولیس کے 9 افسران و اہلکار شہید ہوئے، جن میں ایس ایچ او تھانہ مانگی، ایس ایچ او تھانہ کواس، اے ٹی ایف انچارج ہیڈ کانسٹیبل سیف اللہ سمیت دیگر اہلکار شامل ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ڈی ایس پی غلام سرور سمیت 8 پولیس اہلکار دشوار گزار پہاڑی راستوں سے بحفاظت تھانہ کاچ پہنچ گئے، جبکہ کانسٹیبل رضوان کو بھی بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں