راچڈیل(مانیٹرنگ ڈیسک) مرکزی علماء کونسل پاکستان کے چیئر مین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے مرکزی جامع مسجد ادارہ راچڈیل میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفی ۖ کی سیرتِ طیبہ پوری انسانیت کیلئے ہدایت، رحمت، امن، عدل و انصا ف اور حسنِ اخلاق کا کامل نمونہ ہے۔ نوجوان نسل سیرتِ رسول ۖ سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے ا پنی زندگیوں کو اسوئہ حسنہ کے مطابق ڈھالے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوان نسل کو درپیش فکری، اخلاقی اور معاشرتی چیلنجز کا بہترین حل تعلیماتِ نبوی ۖ میں موجود ہے۔ نبی پاک ۖ نے انسانیت کو عدل و انصاف، بردا شت ، روادا ری، عفو و درگزر، صلہ رحمی اور خدمتِ خلق کا درس دیا۔ اگر ہم سیرتِ طیبہ کے ان روشن اصولوں کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنا لیں تو معاشرے سے نفرت، ناانصافی اور انتشار کا خاتمہ ممکن ہے۔صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ اسلام کا عادلانہ، انسان دوست اور پُرامن چہرہ دنیا کے سامنے اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نبی کریم ۖ نے مدینہ منورہ میں ایسا مثالی معاشرہ قائم فرمایا جس میں عدل و انصاف، انسانی حقوق، مذہبی رواداری اور باہمی احترام کو بنیادی اہمیت حاصل تھی۔ آپ ۖ کا پیغامِ امن آج بھی پوری انسانیت کیلئے مشعلِ راہ ہے۔




