ٹوبہ ٹیک سنگھ(نامہ نگار)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر بہترین انتظامات یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی تیاریاں جاری ہیں۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ماہم آصف ملک کی زیر صدارت 12ربیع الاول جشن ولادتِ رسول اکرم ۖکے انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر، اسسٹنٹ کمشنرز، میونسپل سروسز، ڈی ایس پیز، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122، میونسپل اداروں کے سربراہان، ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس آفیسر، پنجاب فوڈ اتھارٹی، سوشل ویلفیئر، محکمہ صحت، تعلیم، ٹریفک پولیس، گیس، بجلی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں 12ربیع الاول کے سلسلہ میں مرکزی جلوسوں اور محافل میلاد کے انتظامات، روٹس، سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، بجلی کی فراہمی، فوڈ سیفٹی، طبی و ہنگامی سہولیات اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو باہمی رابطے اور مکمل کوآرڈینیشن کے ساتھ انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے کہا کہ12ربیع الاول کو جشن عید میلاد ا لنبی ۖ بھرپور عقیدت و احترام، مذہبی جوش و جذبے اور باہمی اتحاد کے ساتھ منائی جائے گی۔ مرکزی جلوسوں اور محافل میلاد کے شرکاکے لیے سبیلوں، لنگر اور مٹھائی کے خصوصی انتظامات بھی کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبیۖ پوری امت مسلمہ کے لیے خوشی اور عقیدت کا موقع ہے، اسے باہمی اتفاق، اخوت اور ملی یگانگت کے جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔انہوں نے مرکزی جلوسوں کے روٹس پر فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ ٹریفک پولیس کو جلوسوں کے روٹس پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل ٹریفک انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ غیر قانونی لاوڈ اسپیکر کے استعمال، وال چاکنگ، نفرت انگیز تقاریر اور ہوائی فائرنگ پر سختی سے پابندی ہوگی اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ متعلقہ اداروں کو خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔




